پورٹل بندش سے چینی سپلائی متاثر،انڈسٹری میں بحران کاخدشہ

 پورٹل بندش سے چینی سپلائی متاثر،انڈسٹری میں بحران کاخدشہ

درآمدی چینی کی فروخت کیلئے ملکی چینی کی لفٹنگ روک کر پورٹل بار بار بلاک کیا جا رہا غیر یقینی صورتحال ،چینی مہنگی ہورہی :پی ایس ایم اے کاپورٹل بندش پروزیرخزانہ کودوسراخط

اسلام آباد(آن لائن )پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے )نے ایف بی آر کے ایس ٹریک پورٹل کی مسلسل بندش پر وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر فوڈ سکیورٹی کو دوسرا خط ارسال کردیا ہے ۔ترجمان ایسوسی ایشن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ملک بھر کی شوگر ملوں میں نصب ایف بی آر کے سیلز ٹریکنگ سسٹمز کو جان بوجھ کر بند رکھا جا رہا ہے ، جس کے باعث چینی کی سپلائی میں خلل پیدا ہو رہا ہے ۔ترجمان نے کہا درآمدی چینی کو ٹی سی پی کے ذریعے فروخت کرنے میں سہولت دی جا رہی ہے ، جبکہ ملکی چینی کی لفٹنگ روک کر ایف بی آر کے پورٹل کو بار بار بلاک کیا جا رہا ہے ، مگر اس کے باوجود چینی کی قیمتوں میں کوئی استحکام نہیں آیا،انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہے ہیں، جس سے چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔ترجمان کے مطابق شوگر ملوں کے پاس چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں، مگر پورٹل بند ہونے کے باعث ٹرک ملوں سے باہر نہیں نکل پا رہے ، اس تعطل سے بینک قرضوں کی واپسی میں تاخیر اور گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگی میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے ۔ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو شوگر انڈسٹری شدید مالی بحران سے دوچار ہو سکتی ہے اور کرشنگ سیزن کے بروقت آغاز میں مشکلات پیدا ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں