اسلام آبادہائیکورٹ:انتظامیہ کونانبائیوں کوہراساں نہ کرنیکاحکم
جسٹس ارباب برہم،درخواست گزارکوعدالتی حکم نامہ ڈی سی کوپہنچنانے کی ہدایت
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں روٹی اور نان کی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ضلعی انتظامیہ کو نانبائیوں کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت درخواستگزاران صدر نان بائی ایسوسی ایشن سجاد عباسی سمیت دیگر نمائندگان عدالت میں پیش ہوئے اورمؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے تندور سیل اور نانبائیوں پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں،ضلعی انتظامیہ نے نانبائیوں کے ساتھ کسی قسم کی ملاقات یا مشاورت نہیں کی۔ دوسری جانب اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ انتظامیہ کی نانبائیوں سے ملاقاتیں ہوچکی ہیں،جس پرصدر نان بائی ایسوسی ایشن نے تردید کرتے ہوئے کہا کسی بھی سطح پر کوئی باضابطہ میٹنگ نہیں ہوئی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ضلعی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ عدالتی حکم نامہ خود ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ کو پہنچائیں پھر میں آگے دیکھتا ہوں اورمزید سماعت ملتوی کر دی۔