کراچی : ’’را‘‘ سے تعلق کے شبہ میں 2افراد گرفتار

 کراچی : ’’را‘‘ سے تعلق  کے شبہ میں 2افراد گرفتار

کراچی (سٹاف رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے دیگر حساس اداروں کے تعاون سے کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘سے تعلق کے شبہ میں 2افراد کوگرفتارکرلیا۔ ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی 9اکتوبر 2025 کو خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

گرفتار ملزم ملکی تنصیبات اور حساس انفرااسٹرکچر سے متعلق معلومات سوشل میڈیا، موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے بیرون ملک منتقل کر رہے تھے ۔این سی سی آئی اے کے مطابق ملزموں کے خلاف مسلسل ٹیکنیکل مانیٹرنگ کے بعد کارروائی کی گئی ، جس میں دونوں مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزموں کے قبضے سے موبائل فون برآمد ہوئے ، جن میں سے ملکی سلامتی سے متعلق معلومات اور غیر قانونی سرگرمیوں کے شواہد حاصل کیے گئے ہیں، جس میں مالی لین دین کے ثبوت بھی شامل ہیں ،جن سے ظاہرہوتا ہے ملزموں کو غیر ملکی ذرائع سے رقوم منتقل کی جارہی تھیں۔ برآمد شدہ مواد کا فارنزک تجزیہ جاری ہے ۔ گرفتار مشتبہ افراد کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں