بھارتی وفد سے مصافحہ کیا،اب بھی تیار ہوں، یوسف رضا گیلانی ، ہال تالیوں سے گونج اٹھا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس کے دوران کہا کہ میں نے بھارتی وفد سے مصافحہ کیا اور ابھی بھی مصافحہ کرنے کو تیار ہوں ۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بارباڈوس میں منعقدہ 68 ویں کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس کے ایک اہم سیشن کی صدارت کرتے ہوئے اس تاثر کو یکسر مسترد کر دیا کہ انہوں نے بھارتی پارلیمانی وفد سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں نے بھارتی وفد سے مصافحہ کیا تھا اور ابھی بھی مصافحہ کرنے کے لیے تیار ہوں، حتیٰ کہ ابھی اسی لمحے ۔ یوسف رضا گیلانی کے اس دوٹوک اور مثبت جواب پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور حاضرین نے ان کے کشادہ دلی اور بہترین سفارتی انداز کی بھرپور تحسین کی۔کانفرنس میں ‘ بہتر طرز حکمرانی، کثیرالجہتی اور بین الاقوامی تعلقات میں دولت مشترکہ کے کردار‘ کے عنوان سے ایک خصوصی سیشن تھا، جس کی صدارت چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کی۔چیئرمین سینیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ‘ آج کی جڑی ہوئی دنیا میں ہمارا اجتماعی عزم ہی یہ طے کرتا ہے کہ ہم جمہوری زوال، ماحولیاتی تبدیلی، مصنوعی ذہانت کا بڑھتا ہوا اثر یا جمہوری اداروں کے تحفظ جیسے چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں ۔