پی ٹی آئی حمایت یافتہ 2آزاد ارکان اسمبلی کی ایاز صادق سے ملاقات
مبین عارف جٹ اور مقداد علی خان بلوچ سے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال زرداری سب کے بڑے ہیں ،پارلیمنٹ کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں:سپیکر
اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں )تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکان قومی اسمبلی نے سپیکر سردار ایاز صادق سے اہم ملاقات کی ہے ۔جمعہ کے روز مبین عارف جٹ اور مقداد علی خان بلوچ نے سپیکر سے پارلیمانی امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی ملاقات میں شریک تھے ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ صدرزرداری سب کے بڑے ہیں اور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان بات چیت میں انہوں نے سہولت کاری کا کردار ادا کیا، مذاکرات کے نتائج کے بارے میں صرف اتنا کہیں گے کہ اللہ تعالیٰ بہتری کرتا ہے ۔
سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ بیان بازی نہیں ہوگی، تاہم معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کے دو اراکین ہمارے ساتھ کافی پینے آئے تھے ، پی ٹی آئی کے اراکین اب آزاد ہو چکے ہیں ، اس لیے ان پر نااہلی کی شق لاگو نہیں ہوتی ،سیاست میں اختلافات کے باوجود تعلقات قائم رہنے چاہئیں۔ سیاسی جماعتیں مخالف ہو سکتی ہیں مگر دشمن نہیں ، تاہم عمران خان نے سیاست میں دشمنی کا خطرناک کلچر متعارف کرایا ۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو ذاتی طور پر نہیں جانتے ، مگر سنا ہے کہ وہ انتہائی ہارڈ لائنر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام ملنا چاہیے تھا ۔