مضبوط فلسطینی ریاست کا قیام پاکستانی پالیسی : شہباز
امن کیلئے صدر ٹرمپ کے کردار کی تعریف کرتے رہینگے :وزیراعظم واپس پہنچ گئے جناح میڈیکل کمپلیکس سٹیٹ آف دی آرٹ ، عالمی معیار کی سہولیات ہونگی
اسلام آباد،شرم الشیخ(نامہ نگار،اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے فلسطینی عوام کی آزادی، عزت اور خوشحالی پاکستان کی بنیادی ترجیح ہے ،1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک مضبوط اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، پاکستان کی مشرق وسطیٰ پالیسی کی بنیاد رہا ہے اور رہے گا۔شرم الشیخ میں غزہ امن سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی سے پہلے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا وہ اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی کے لیے ہوائی جہاز پر سوار ہو رہے ہیں اور ممکنہ طور پر اس بڑی پیش رفت کی نوعیت کے بارے میں اپنے کچھ تاثرات بتانا چاہتے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہوا اور پاکستان کا کیوں اس سے بہت گہرا تعلق رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا پاکستان کی سب سے اہم ترجیح غزہ میں نسل کشی کی مہم کو فوری طور پر روکنا تھا، دیگر برادر ممالک کے ساتھ مل کر اس ترجیح کو تسلسل کے ساتھ بیان کیا گیا اور تقویت دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا صدر ٹرمپ کے لئے ہمارا شکریہ اس بات کی بنا پر ہے کہ وہ اسے روکیں گے اور اس وعدے کو پورا کریں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا ہم امن کے لئے صدر ٹرمپ کے منفرد کردار کی تعریف کرتے رہیں گے ، فلسطینی عوام کی آزادی، وقار اور خوشحالی پاکستان کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے ۔ شہباز شریف مصر کے دورے کے بعد اسلام آباد واپس پہنچ گئے ۔وزیراعظم وطن لوٹتے ہی سرکاری امور نمٹانے میں مصروف ہوگئے۔ شہباز شریف نے کہا ہے جناح میڈیکل کمپلیکس ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہو گا جہاں عوام کو بین الاقوامی معیار کی علاج معالجے کے سہولیات دستیاب ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو اپنے دورہ مصر کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔اجلاس کے شرکا نے ڈیسک بجا کر وزیراعظم کو سفارتی کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے اورتمام ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔