سیالکوٹ میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا فیصلہ :سرکاری اراضی کی حفاظت ہمارا فرض:مریم نواز

سیالکوٹ  میں  نئی  انڈسٹریل  اسٹیٹ  کے  قیام  کا  فیصلہ :سرکاری  اراضی  کی  حفاظت  ہمارا  فرض:مریم  نواز

چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ محکمہ فشریز کو دینے ،4 انڈسٹریل سٹیٹ غیرملکیوں کو آفر کرنے کا بھی فیصلہ فیڈمک ،پیڈمک میں بے ضابطگیوں پرکارروائی کا فیصلہ،خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے بغیر ممکن نہیں

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیالکوٹ میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی اصولی منظوری دے دی، اجلاس میں سیالکوٹ ایئرپورٹ کے قریب 400ایکڑ رقبے پر انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت انڈسٹریل ا سٹیٹس سے متعلق خصوصی اجلاس میں بھلوال، وہاڑی اور بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ سعودی سرمایہ کاروں کوآفر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا اورپنجاب میں 4 انڈسٹریل اسٹیٹ غیرملکی سرمایہ کاروں کو آفر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ محکمہ فشریز کو دینے کا بھی فیصلہ ہوا۔مریم نواز نے فیڈمک اور پیڈ مک میں بے ضابطگیوں اور گھپلوں کا سخت نوٹس لیا اورذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا،ان کا کہناتھا کہ سابقہ دور حکومت میں ناک کے نیچے فراڈ ہوتا رہا، کسی نے پروا ہ نہیں کی، سرکاری اراضی کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارا فرض ہے ۔اجلاس میں انڈسٹریل اسٹیٹ کو کامیاب کرنے کے لئے رولز اینڈ ریگولیشن میں ترمیم کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ دیہی خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہاکہ دیہی خواتین محنت، محبت، احساس ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں،دیہی خاتون سمیت ہر عورت کا تحفظ میری ریڈ لائن ہے ،ایک مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں