طالبان میں اختلافات،سراج حقانی کی نام لیے بغیردیگررہنمائوں پرتنقید

 طالبان میں اختلافات،سراج حقانی کی نام لیے بغیردیگررہنمائوں پرتنقید

جن کاجنگ میں کردارنہیں فتح کاکریڈٹ لے رہے ، بیانات سے بازآجائیں:قبائل سے خطاب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)افغان طالبان میں اختلافات بڑھ گئے ، سراج الدین حقانی نے دیگر رہنماؤں پر نام لیے بغیر تنقیدکی ہے ،افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے پکتیکا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی قبائل سے ملاقاتیں کیں اور خطاب کیا۔افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے خود کو انتشار سے بچانے ، حکومت اورعوام کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا ہمیں ماضی میں جہادی دور کی طرح متحد ہونا چاہیے اور ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دینا چاہیے ۔ان کا کہنا تھاکہ عوام کو نرمی کے ساتھ اسلامی اقدار کا احترام کرنے کی طرف راغب کرنا چاہیے ۔دوسری جانب افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ اسی خطاب کے دوران سراج الدین حقانی نے نام لیے بغیر دیگر طالبان رہنماؤں پر تنقید کی اور کہا کچھ لوگوں کا جنگ میں کوئی کردار نہیں لیکن وہ فتح اور اقتدار میں واپسی کا کریڈٹ لے رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ ایسے بیانات سے باز رہیں، لوگوں کی قربانیوں اور جدوجہد کو نظر انداز نہ کریں، اپنے نام پر فتح کا دعویٰ نہ کریں، ان لوگوں کا شکر گزار ہونا چاہیے کیونکہ ماضی میں انہیں کوئی نہیں جانتا تھا، وہ ڈرونز اور آپریشنز کے خوف سے اپنا گھر نہیں چھوڑ سکتے تھے لیکن اب انہیں شہرت اور حیثیت مل گئی ہے لہٰذا مبالغہ آمیز رویہ طالبان کی قربانیوں اور جدوجہد کو بدنام کر سکتا ہے ۔افغان میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی نے طالبان کی اندرونی تقسیم کو مزید بڑھا دیا ہے اور سراج حقانی کا بیان بھی طالبان امیر ملا ہیبت اللہ کے قریب سمجھے جانے والے افراد سے متعلق خیال کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں