بلاول ہائوس سے سکیورٹی واپس نہیں لی:وزیر اطلاعات پنجاب
چند اہلکار ریسٹ پر تھے جن کی جگہ متبادل بھجوادئیے :تر جمان لاہور پولیس
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بلاو ل ہاؤس کی سکیورٹی واپس لینے کی تردید کردی۔عظمیٰ بخاری نے بیان میں کہا کہ بلاول ہاؤس لاہور کی سکیورٹی واپس لینے کی خبریں جھوٹ اور من گھڑت ہیں،میڈیا اور صحافیوں کو ایسی فیک خبریں چلانے سے گریز کرنا چاہیے ، بلاول ہاؤس لاہور میں سکیورٹی معمول کے مطابق ہے ۔دوسری جانب ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس کی سکیورٹی واپس لینے کی خبر حقائق کے منافی ہے ، بلاول ہاؤس کی سکیورٹی مکمل اور معمول کے مطا بق ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ چند اہلکار ریسٹ پر تھے جنکی جگہ متبادل بھجوا دئیے گئے ، معمول کی تبدیلی کو سکیورٹی واپس لینے سے جوڑنا بے بنیاد ہے ، معمول کی تبدیلی کو سیاسی رنگ دینا حقائق کے منافی ہے ، حکومت پنجاب کی طرف سے ایسی کوئی ہدایات نہیں دی گئیں۔