تحریک انصاف کے دور میں دہشت گردی کم ہوئی :گوہر

تحریک انصاف کے دور میں دہشت گردی کم ہوئی :گوہر

پاکستان ہے تو ہم ہیں ،بانی نے کہا پاکستان ہمارا،فوج ہماری :چیئرمین پی ٹی آئی افغانستان کیساتھ تنازعات کو لڑائی نہیں مذاکرا ت سے حل کریں:بیرسٹرسیف

راولپنڈی ، پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی)چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چا ہئے ۔انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی ایک ناسور ہے اس کو ختم ہونا چا ہئے ، پاکستان تحریک انصاف کے دور میں دہشت گردی کم ہوئی تھی۔بانی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا ہے ، فوج بھی ہماری ہے ، وہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں،بانی نے کہا فوج اور پولیس کے شہدا ہمارے اپنے شہدا ہیں،انہوں نے پیرول پر رہاہوکر افغانستان کا معاملہ حل کرنے کا بھی کہاہے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کا شکریہ انہوں نے گورنر کو وزیراعلیٰ کے پی سے حلف لینے کیلئے بروقت بھیجا، پاکستان ہے تو ہم ہیں، سیاسی بیانات ہوتے رہتے ہیں۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے اس موقع پر کہاکہ عمران خان نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2 مسلمان ہمسایہ ممالک کے درمیان لڑائی کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے ، دونوں ملکوں کے درمیان تنازعات کو لڑائی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنا بہتر ہے ۔ پشاور میں سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم بانی پی ٹی آئی کے کارکن ہیں، ہمیں کسی کا خوف نہیں، ہم عوام اور قانون کی پاسداری کیلئے لڑیں گے ۔ جمہوریت کی فتح ہوئی ہے ،خیبرپختونخو امیں اب نئی حکومت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال اولین ترجیح ہے ، بانی پی ٹی آئی بے گناہ جیل میں ہیں، جبر کو ہم ختم کریں گے ،ہم تمام سیاسی پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں