پاکستان ،امریکہ کا زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان ،امریکہ کا زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

رانا تنویر سے نٹالی بیکر کی ملاقات ، ٹیکنالوجی برآمدات پر تبادلہ خیال

 اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی ، ملاقات میں زرعی تجارت، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا دیرینہ زرعی ترقیاتی شراکت دار ہے ، جس نے تحقیقی منصوبوں، تکنیکی معاونت اور لیبارٹری سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ،ملاقات میں ایگریکلچرل سمیت مختلف جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔رانا تنویر نے فیصل آباد اور پشاور کی زرعی جامعات میں امریکی تعاون سے قائم تحقیقی مراکز کا ذکر کیا ،ڈیری اور لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی، ہالسٹین نسل کی گائیں درآمد اور گوشت کی صنعت کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔امریکی محکمہ زراعت نے جینیاتی بہتری، مقامی ویکسین، ہائیبرڈ بیج اور زرعی مشینری کی تیاری جیسے شعبوں میں تعاون کی پیشکش کی ،ایگریکلچر، ڈیجیٹل فارمنگ اور پاکستانی آم و باغبانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی ۔

وفاقی وزیر نے پائیدار اور ٹیکنالوجی پر مبنی زرعی ترقی کے لئے امریکہ سے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے عالمی یومِ خوراک کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ آج دنیا بھر میں عالمی یومِ خوراک منایا جا رہا ہے تو ہمیں یہ احساس تازہ ہوتا ہے کہ خوراک صرف ایک بنیادی ضرورت نہیں بلکہ زندگی، عزتِ نفس اور ترقی کی بنیاد ہے ،آئیے ہم اپنی زمین کی حفاظت کریں، اپنے کسانوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں اور قدرتی وسائل کی حفاظت کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں