عمران سے ملاقات کے فیصلے پر 1دن عمل نہیں ہوا، پی ٹی آئی

عمران سے ملاقات کے فیصلے  پر 1دن عمل نہیں ہوا، پی ٹی آئی

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ، خصوصی نیوز رپورٹر ) تحریک انصاف نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 25 مارچ کے فیصلے پر ایک دن بھی عمل نہیں ہوا،فیصلے کے مطابق منگل کو فیملی اور جمعرات کو وکلا کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوگی۔

اکتوبر 2024 سے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوا،10 سے زائد توہین عدالت کی درخواستیں دائر ہوئیں مگر ایک بھی نہیں سنی گئی،پورے عدالتی نظام کو ڈرم بجا کر ناچ کروایا جارہا ہے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کو پرواہ نہیں کہ اس کے فیصلوں پر عمل ہورہا ہے یا نہیں،سپریم کورٹ جانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں رہا،ہم زندہ قوم ہیں ،جنگ پر زیادہ بات نہیں کروں گا لیکن انتہائی تشویشناک صورتحال ہے ،دہشتگردوں کو کسی ایک شہر پر بمباری کرکے ختم نہیں کرسکتے ،ہمیں سوچنا چاہیے کہ خطے میں امن کیسے لایا جائے ،ان کا کہنا تھا بانی کے علاوہ کوئی شخصیت نہیں جس کو تمام فریقین کا اعتماد حاصل ہو،اس وقت ایسے شخص کی ضرورت ہے جو جنگ کا خاتمہ کروا کر امن بحال کروائے ،افغانستان سے دہشت گردی ہوتی رہی ہے ،افغانستان کی سرزمین دہشتگردوں کی آماجگاہ بنی ہے ۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی صاحب فیصلہ کرینگے کس کو کابینہ میں رکھنا ہے ،عمران خان نے کہا ہے سہیل آفریدی بالکل آزاد ہے وہ کابینہ بنائیں۔ وزیر اعلیٰ کے پی کو پنجاب میں وہ احترام نہیں دیا گیا جس کے وہ مستحق ہیں،ہم ملاقات نہ کرانے پر عدالت سے رجوع کرینگے ۔ تحریکِ انصاف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پارٹی کے سرپرستِ اعلیٰ عمران خان کی فوری اور غیر مشروط رہائی، جو جھوٹے ، سیاسی انتقام پر مبنی اور من گھڑت مقدمات میں قید ہیں، پاکستان اور افغانستان کے درمیان تنازعے اور ملک کو درپیش دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کے پرامن، مذاکراتی اور دیرپا حل کے لیے انتہائی ضروری ہے ۔مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بیان میں کہا کہ عمران خان کا حالیہ پیغام، جو اڈیالہ جیل سے سامنے آیا، کسی ذاتی رہائی کی التجا نہیں بلکہ ایک مدبرانہ قیادت اور ریاستی ذمے داری کا مظہر ہے - یہ بے لوث پیشکش ہے کہ وہ قومی سلامتی کے بڑھتے ہوئے بحران کو کم کرنے اور افغانستان کے ساتھ تعلقات میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں