معاشی اشاریے معیشت کی بہتری کے عکاس:وزیر خزانہ

معاشی اشاریے معیشت کی بہتری کے عکاس:وزیر خزانہ

ریکوڈک منصوبہ گیم چینجر،قومی مالیاتی کمیشن کا اجلاس نومبر میں متوقع سعودی وزیرخزانہ سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں، تقاریب سے خطاب

اسلام آباد(اے پی پی)وزیرخزانہ اورنگزیب نے امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملکی معیشت کی سمت درست ہے اورکلیدی معاشی اشاریوں سے معیشت کی بہتری کی عکاسی ہورہی ہے ،ٹیکس سمیت کلیدی شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات پرعملدرآمدجاری ہے ،قومی مالیاتی کمیشن کااجلاس نومبرکے اوائل میں متوقع ہے ،ریکوڈک  منصوبہ پر پیشرفت جاری ہے اوریہ منصوبہ حقیقی گیم چینجرثابت ہوگا۔ وزیرخزانہ نے واشنگٹن ڈی سی میں اہم ملاقاتیں اور تقاریب سے خطاب کیا ،ان کی سعودی ہم منصب محمد عبداﷲ عبدالعزیز الجدعان سے اہم ملاقات ہوئی۔ انہوں نے اس موقع پر دونوں ملکوں کے مابین بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کو اجاگر کیا۔انہوں نے سعودی ہم منصب کو قومی ایئر لائن پی آئی اے اور ہوائی اڈوں کی نجکاری پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت کی۔ وزیر خزانہ نے امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او بینجمن بلیک سے ملاقات کی۔وزیر خزانہ نے باروئرز فورم کے گول میزمذاکرے میں شرکت کرتے ہوئے قرضوں کی ادائیگیوں اور سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری کے درمیان توازن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔وزیر خزانہ نے آذربائیجان کے نائب اول وزیر خزانہ انار کریموف، پاکستان بینک فنڈ سٹاف ایسوسی ایشن کے اراکین ، ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی(میگا)کے ایگزیکٹو نائب صدر ہیروشی ماتانو ،سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی اعلیٰ انتظامیہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ سینیٹر اورنگزیب نے کولیشن آف فنانس منسٹرز فار کلائمیٹ ایکشن کے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے معروف برطانوی ماہرِ معیشت اسٹیفن ڈرکون سے بھی ملاقات کی اور وال سٹریٹ جرنل کے ساتھ میڈیا انٹریکشن میں حصہ لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں