سموگ کیس:ریسٹورنٹس کے اوقات کار فوری بدلنے کی ہدایت
لاہور ہائیکورٹ کا اوقات کار نہ بدلنے پر اظہار ناراضگی ، ڈی سی لاہور طلب عدالتی کارروائی کسی کیخلاف نہیں ، حکومت کی مددکیلئے ہے :جسٹس شاہد کریم
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے باعث ریسٹورنٹس کے اوقات کار کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے شہر میں بلا امتیاز دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا ۔ جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالتی حکم پر ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ سمیت دیگر افسران پیش ہوئے ۔ عدالت نے ریسٹورنٹس کے اوقات کار تبدیل نہ کرنے پر اظہار ناراضگی کیا اور آج ڈی سی لاہور کو طلب کرلیا۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ عدالتی کارروائی کسی کے خلاف نہیں بلکہ حکومت کی رہنمائی اور مددکیلئے ہے ،ہم سات سال سے سموگ پر کام کررہے ہیں ۔فاضل جج نے ریمارکس میں مزید کہا کہ دوسروں پر الزام کی بجائے ہمیں اپنے آپ کو ٹھیک کرنا ہے ، اینٹی سموگ گنز کا کیا فائدہ ہے ؟۔ جس پر ڈی جی ماحولیات نے عدالت کو بتایا کہ گنز پورے شہر میں کام کررہی ہیں۔ عدالت نے راحت بیکری کے باہر پرانا برگد کا درخت کاٹنے پر اظہار ناراضگی کیا اور ڈی جی پی ایچ اے کو بھی طلب کرلیا ۔عدالت نے بڑھتی سموگ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے سموگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کارروائی آج 4 نومبر تک ملتوی کردی۔