مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینا وقت کی ضرورت :ملک احمد خان

 مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینا وقت کی ضرورت :ملک احمد خان

ن لیگ نے لوکل گورنمنٹ کا قانون بنایا ، پی ٹی آئی نے آتے ہی مدت ختم کر دی جب تک یہ تحفظ نہیں ملے گا، کوئی بھی قانون فائدہ نہیں دے سکتا:میڈیا سے گفتگو

لاہور (سیاسی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ ایک اہم قومی ایشو ہے اور مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینا وقت کی ضرورت بن چکا ہے ، اپوزیشن کے چند اراکین لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی کمپوزیشن کے خلاف عدالت جانے کی تیاری کر رہے ہیں، تاہم اسی کمپوزیشن پر کچھ روز قبل پارلیمنٹ سے آئینی ترمیم کا مطالبہ بھی کیا جا چکا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دیا جائے ، جب تک یہ تحفظ نہیں ملے گا، کوئی بھی قانون فائدہ نہیں دے سکتا، ن لیگ نے لوکل گورنمنٹ کا قانون بنایا اور تحریک انصاف نے آتے ہی لوکل گورنمنٹ کی مدت ختم کر دی۔ مدت قانون میں تھی اور قانون تبدیل کیا جا سکتا ہے ، اصل بحث آئین کی ہے ۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے آئین میں مقامی حکومتوں کے حوالے سے نئے باب کے اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا جیسے آئین وفاقی حکومت کا ڈھانچہ طے کرتا ہے ، ویسے ہی مقامی حکومتوں کا تیسرا باب شامل ہونا چاہیے ۔ اسے شامل نہ کرنا جرم ضعیفی ہے ۔سپیکر نے کہا کہ فعال پارلیمان میں کاکس ہوتے ہیں جہاں عوامی مسائل پر مشاورت ہوتی ہے ، غیر فعال اسمبلیوں میں کاکس نہیں پائے جاتے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں