زہران ممدانی نیویارک کا پہلا مسلم مئیر بننے کی جانب گامزن، ٹرمپ پریشان : فنڈز کی کٹوتی کی دھمکی، یہودی ووٹروں سے حمایت روکنے کی اپیلیں

زہران ممدانی نیویارک کا پہلا مسلم مئیر بننے کی جانب گامزن، ٹرمپ پریشان : فنڈز کی کٹوتی کی دھمکی، یہودی ووٹروں سے حمایت روکنے کی اپیلیں

زہران نیویارک مئیر بننے کے قابل نہیں :امریکی صدر،انتخابات میں ممدانی کی جیت متوقع:سیاسی تجزیہ کار، واضح برتری حاصل :امریکی میڈیا نیو یارک ،نیو جرسی ،ورجینیا میں گورنر و دیگر عہدوں کیلئے مقابلہ ،ورجینیا میں خاتون گورنر کی جیت کا امکان،کیلیفورنیا میں حلقہ بندی کیلئے ووٹنگ

واشنگٹن،نیو یارک(دنیا مانیٹرنگ،نیوز ایجنسیاں ) زہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم میئر بننے کے قریب ہیں ، کامیابی کی صورت میں وہ نیویارک سٹی کے پہلے مسلم میئر بن جائیں گے ۔ یوگنڈا میں پیدا ہونے والے اور بھارتی نژاد والدین کے بیٹے نے فلسطینی حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے اور اسرائیلی پالیسیوں کے سخت ناقد سمجھے جاتے ہیں۔ ان کے مو قف نے شہر کی یہودی برادری میں اختلاف پیدا کیا ہے ، تاہم ممدانی نے عبادت گاہوں اور اسرائیل ڈے پریڈ کے تحفظ کے تسلسل کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ انہیں یہودی اراکینِ کانگریس جیَری نیڈلر اور برَیڈ لینڈر کی حمایت بھی حاصل ہے ۔ نیویارک کے برونکس علاقے میں ووٹرز نے میئر کے انتخاب میں تبدیلی کی امید ظاہر کی، مگر رائے منقسم رہی۔ ووٹر لورنا رکٹس نے کہا کہ انہوں نے نوجوان امیدوار زہران ممدانی کو ووٹ دیا کیونکہ ہمیں کسی کی ضرورت ہے جو پھر سے ہمیں ہنسائے ۔ کالج طالبہ کیانا ایڈمز نے بھی ممدانی کی حمایت کی اور تیز تر بسوں کی تجویز کو سراہا۔ امریکا کی مختلف ریاستوں میں اہم انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔
کیلیفورنیا میں عوام اگلے برس ایوانِ نمائندگان کی اکثریت کی دوڑ سے قبل کانگریسی حلقہ بندیوں کی نئی ترتیب پر رائے دے رہے ہیں۔ ورجینیا میں گورنر، لیفٹیننٹ گورنر اور اٹارنی جنرل کے انتخابات ہو رہے ہیں جہاں پہلی خاتون گورنر کے انتخاب کا امکان ہے ۔ نیویارک سٹی میں منگل کو دوپہر تک دس لاکھ سے زائد ووٹرز ووٹ ڈال چکے تھے ، جن میں سب سے زیادہ تعداد بروکلین کی رہی۔ ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی نے نیویارک، نیو جرسی اور ورجینیا میں اپنی کامیابی پر اعتماد ظاہر کیا ہے ۔ ورجینیا میں تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے جہاں ووٹر پہلی خاتون گورنر منتخب کریں گے ۔ ڈیموکریٹ ابیگیل اسپین برگر اور ریپبلکن ونسوم کے درمیان مقابلے میں یہ پہلا موقع ہے کہ ریاست کی قیادت خواتین کے ہاتھ میں جا سکتی ہے ۔ کیلیفورنیا میں حلقہ بندی کے معاملے پر ووٹ ہو رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ انتخابات صدر ٹرمپ کی مقبولیت اور ملک کے سیاسی رجحانات کا آئینہ دار ثابت ہوں گے ۔

نیویارک مئیر کے الیکشن پر دنیا بھر کی نظریں ہیں ،منگل کو امریکا کی تمام 50 ریاستوں میں مقامی و ریاستی انتخابات کا آغاز ہوا ہے ، انتخابات میں جنوبی ایشیائی اور مسلم امیدواروں کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے ۔ریاست ورجینیا میں مسلم خاتون غزالہ ہاشمی لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے کی امیدوار ہیں، وہ دو بار ریاست ورجینیا سے سینیٹ الیکشن جیت چکی ہیں، انہوں نے پہلی بار 2019 میں ورجینیا سے سینیٹ نشست جیتی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 2025 کے یہ انتخابات امریکا میں مقامی سیاست کا اہم موڑ ہیں جن کے نتائج امریکی ریاستوں کی پالیسیوں پر گہرا اثر ڈالیں گے ۔امریکی صدر ٹرمپ اس صورتحال سے پریشان ہیں ، انہوں نے نیویارک سٹی کے میئر کے انتخاب میں اینڈریو کومو کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور ووٹروں پر زور دیا ہے کہ وہ بائیں بازو کے اُمیدوار زہران ممدانی کو ووٹ نہ دیں۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ چاہے آپ کو ذاتی طور پر اینڈریو کومو پسند ہوں یا نہ ہوں آپ کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے ۔ آپ کو انہیں کو ووٹ دینا ہوگا اور یہ اُمید رکھیں کہ وہ ایک اچھے اُمیدوارو ثابت ہوں گے ۔

وہی اس کے قابل ہیں، ممدانی نہیں، ٹرمپ نے کہا زہران ممدانی جیت گئے تو فنڈز میں کٹوتی ہوگی، اگر ممدانی منتخب ہوئے تو وہ نیویارک جو ان کا آبائی شہر بھی ہے کو وفاقی فنڈز کو کم کرنے میں ذرہ بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے ۔قبل ازیں ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا میرے لیے بطور صدر نیویارک کو زیادہ پیسہ دینا مشکل ہوگا۔ کیونکہ اگر آپ کے پاس ایک کمیونسٹ نیویارک چلا رہا ہو تو آپ جو پیسہ وہاں بھیج رہے ہیں وہ ضائع ہی کر رہے ہیں۔فنڈنگ کے بارے میں ٹرمپ کے تبصروں کے جواب میں ممدانی نے کہا کہ وہ امریکی صدر کے اس بیان کو ایک دھمکی سمجھتے ہیں۔ یہ کوئی قانونی راستہ یا قانون نہیں ہے ۔ممدانی خود کو ایک ڈیموکریٹک سوشلسٹ قرار دیتے ہیں اور اس الزام کو مسترد کرتے ہیں کہ وہ کمیونسٹ ہیں۔علاوہ ازیں ٹرمپ نے نیویارک کے پہلے مسلمان میئر کے امیدوار ممدانی کو یہودی مخالف قرار دیتے ہوئے یہودی ووٹروں کو انہیں ووٹ نہ دینے کی اپیل کر دی۔

ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھاکوئی بھی یہودی جو زہران ممدانی کو ووٹ دے ، وہ احمق ہے، کیونکہ ممدانی ایک ثابت شدہ اور خود ساختہ یہودی مخالف ہے ۔واضح رہے ممدانی ایک بائیں بازو کے امیدوار ہیں، جنہوں نے نیویارک میں رہائش اور زندگی کو سستا بنانے کے وعدے کیے ہیں۔ سیاسی تجزیہ کار منگل کو ہونے والے انتخابات میں زہران ممدانی کی جیت کی توقع کر رہے ہیں، امریکی میڈیا کے مطابق ممدانی کو واضح برتری حاصل ہے ،اہل نیو یارک زہران ممدانی کی جیت کیلئے پرامید ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو جرسی، ورجینیا اور نیو یارک میں ووٹرز اس مرتبہ مہنگائی، تارکین اور ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں جیسے مسائل کو سامنے رکھ کر ووٹ کر رہے ہیں۔ 57 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔یہ انتخابات ٹرمپ کی مستقبل کی حکمت عملی پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں