خیبر پختونخوا :تعلیمی بورڈز کے معاملات IBCCکے سپرد کرنیکی تجویز
مارکنگ، آنسر بکس کی تیاری دیگر امتحانی مواد وفاقی ادارے کے ذریعے تیار کیا جائیگا سمری منظوری کیلئے چیف سیکرٹری کوبھجوا دی گئی ،حتمی منظوری صوبائی کابینہ دے گی
پشاور (ذیشان کاکا خیل )خیبرپختونخوا کے تعلیمی نظام میں بڑی تبدیلی کی تیاری کی جا رہی ہے ، تعلیمی بورڈز کے امتحانی معاملات وفاقی ادارے کے سپرد کرنے کی تجویز سامنے آگئی،دستاویزات کے مطابق ای مارکنگ، آنسر بکس کی تیاری اور دیگر اہم امتحانی مواد اب انٹر بورڈ کوآرڈی نیشن کمیشن (IBCC) کے ذریعے تیار کیا جائے گا،محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام سے امتحانی نظام زیادہ موثر ،شفاف ہو جائے گا، تاہم تعلیمی بورڈز کے ملازمین نے اس تجویز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ای مارکنگ فیس 149 روپے سے بڑھ کر تقریباً 200 روپے ہو جائے گی،بورڈملازمین کا کہنا ہے کہ رزلٹ کی تیاری کا اختیار بھی وفاقی ادارے کے پاس چلا جائے گا جو مناسب نہیں، ہر بورڈ کے امتحانی نظام پر سالانہ 10 سے 15 کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں جو بڑھ کر 15 سے 20 کروڑ روپے ہو جائینگے ،محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق یہ اقدام گڈ گورننس روڈ میپ کا حصہ ہے ، اس کی سمری منظوری کیلئے چیف سیکرٹری کو بھجوا دی گئی ، منصوبے کی حتمی منظوری صوبائی کابینہ دے گی ۔