500کے وی اے بجلی استعمال پر ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ

 500کے وی اے بجلی استعمال پر ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ

بڑے جنریٹر رکھنے والے اداروں کو بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا تمام گھریلو صارفین کو مکمل استثنیٰ ہو نگے ،سیاحت اور ورثہ اتھارٹی بل بھی منظور

لاہور(سیاسی نمائندہ، خبر نگار )پنجاب حکومت نے 500 کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین پر بجلی ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ کر لیا۔ پنجاب فنانس ترمیمی بل 2025 پنجاب اسمبلی سے بغیر کمیٹی کو بھیجے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔ بل کے مطابق 500 کے وی اے سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے کمرشل اور صنعتی صارفین بجلی ڈیوٹی ادا کرنے کے پابند ہوں گے ، جبکہ 500 کے وی اے تک استعمال کرنے والے صارفین کو ڈیوٹی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔منظور شدہ بل کے تحت بجلی ڈیوٹی فی یونٹ 4 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ 500 کے وی اے سے بڑے جنریٹر رکھنے والے اداروں کو بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔ تمام گھریلو صارفین کو مکمل استثنیٰ دیا گیا ہے اور ان پر کوئی بجلی ڈیوٹی عائد نہیں ہوگی۔ پنجاب سیاحت اور ورثہ اتھارٹی ایکٹ 2025 پنجاب اسمبلی کے 34 ویں اجلاس میں کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔بل کے تحت پنجاب سیاحت اور ورثہ اتھارٹی تشکیل دی جائے گی جو صوبے میں سیاحت کے فروغ، تاریخی اور ثقافتی مقامات کے تحفظ اور ترقی کے لیے جامع حکمتِ عملی اور پالیسیز ترتیب دے گی۔

بل کے مطابق اتھارٹی کا چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب جبکہ وزیرِ سیاحت وائس چیئرمین ہوں گے ۔ سیکرٹری سیاحت، سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری پی اینڈ ڈی بطور ممبران اتھارٹی میں شامل ہوں گے ۔پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینسز (ترمیمی)بل 2025 پنجاب اسمبلی سے بل گزشتہ روز منظورکیا گیا، بل کے تحت منشیات کے مقدمات میں ضمانت سے متعلق دفعات تبدیلیاں کی گئیں۔بل کے متن کے مطابق عمر قید کی سزا والے منشیات مقدمات میں ملزموں کو ضمانت نہیں دی جا سکے گی۔محکمہ سیاحت، آثار قدیمہ و عجائب گھر پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ نئی اتھارٹی صوبے میں سیاحت اور ورثے سے متعلق پالیسی سازی، ترقیاتی منصوبہ بندی، سرمایہ کاری کے فروغ اور انتظامی ہم آہنگی کے لیے ون ونڈو ادارے کے طور پر کام کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں