بشری ٰ بی بی نے سزا معطلی پٹیشن جلد سماعت کیلئے مقرر کرنیکی درخواست دیدی

بشری ٰ بی بی نے سزا معطلی پٹیشن جلد  سماعت کیلئے مقرر کرنیکی درخواست دیدی

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشری ٰبی بی نے سزا معطلی کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کے لئے درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں نیب کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جوڈیشل پالیسی کے مطابق ضمانت اور سزا معطلی کی درخواستوں کو ترجیحی بنیاد پر سنا جاتا ہے ، تاہم ان کے کیس کو بلا جواز پسِ پشت ڈالا جا رہا ہے ۔ بشریٰ بی بی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کا کیس مقرر نہ کرنا ویمن پروٹیکشن ایکٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے منافی ہے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان کی عدالت نے آڈیو لیکس کیس میں بشریٰ بی بی اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔گزشتہ روزسماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے کیس کی مزید کارروائی سے روک رکھا ہے ،وکیل سردار لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس کا ٹرانسفر اس بینچ میں غلطی سے کیا گیا ۔ پہلے بھی جسٹس بابر ستار کیس منتقل کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کر چکے ہیں آپ آرڈر کر دیں کیس اسی بینچ میں لگایا جائے ۔جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دئیے کہ آئندہ کیس لگنے پر اس پر غور کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں