سینیٹ:کنگ حماد یونیورسٹی،دانش سکولز اتھارٹی بلز منظور

سینیٹ:کنگ حماد یونیورسٹی،دانش سکولز اتھارٹی بلز منظور

قانون شہادت بل 2025اور آسان کاروبار بل 2025 بھی پاس وزارت ہاؤسنگ کے کرپشن میں ملوث چار افسران کو معطل کیا گیا ، ریاض پیرزادہ

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) ایوان بالا نے کنگ حماد یونیورسٹی بل ، دانش سکولز اتھارٹی بل،قانون شہادت (ترمیمی)بل اور آسان کاروبار  بل 2025 منظور کرلیے ۔وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے قانون شہادت (ترمیمی) بل 2025 پیش کرنے کی تحریک پیش کی جس کے بعد انہوں نے بل منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیاایوان نے کثرت رائے سے بل منظور کر لیا۔ وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے دانش سکولز اتھارٹی بل 2025 قائمہ کمیٹی سے منظور کردہ صورت میں پیش کرنے کی تحریک پیش کی جس کے بعد انہوں نے بل منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیا۔وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے آسان کاروبار بل 2025 قومی اسمبلی سے منظور کردہ صورت میں پیش کرنے کی تحریک پیش کی جس کے بعد انہوں نے بل منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیا۔ 

صدر نشین نے بل کی ایوان سے شق وار منظوری لی۔ بعد ازاں ایوان نے کثرت رائے سے بل منظور کر لیاوفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز بل 2025 قائمہ کمیٹی سے منظور کردہ صورت میں پیش کرنے کی تحریک پیش کی ۔بعد ازاں ایوان نے کثرت رائے سے بل منظور کر لیا۔ ایوان میں ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے لئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ میاں ریاض حسین نے ایوان کو بتایا کہ وزارت ہاؤسنگ کے کرپشن میں ملوث چار افسران کو معطل کیا گیا ہے اور ان کا معاملہ ایف آئی اے کے سپرد ہے ۔ سیکٹر جی 14کے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی میں بے ضابطگیوں میں ملوث چار افسران کے خلاف کاروائی کرکے ان کو معطل کیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں