پنجاب میں 22ہزارمیٹرک ٹن سے زائد چینی موجود
چینی 179سے 200روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے :ڈاکٹر کرن حکومت کو آگاہ کیا تھا غیرضروری درآمدی چینی مت منگوائیں :شوگر ملز
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کماڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر کرن خورشیدنے کہا ہے کہ پنجاب میں 22ہزارمیٹرک ٹن سے زائد چینی کے ذخائر موجود ،مارکیٹ میں بھی وافرمقدار میں موجود ہے ،امپورٹ شدہ چینی کی سپلائی بھی مارکیٹ میں جاری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیرصدارت چینی اور دیگراشیائے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دوسری طرف پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت کو اوائل اکتوبر سے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ غیرضروری درآمدی چینی مت منگوائیں اور ایف بی آر کے پورٹلز کوبھی کھلا رکھا جائے ۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر کرن خورشیدنے اجلاس میں مزید کہا ہے کہ منافع خور مصنوعی قلت پیداکرکے چینی مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں ۔ ادھر ترجمان پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت کو پہلا انتباہی خط 4 اکتوبر کو لکھا گیا جبکہ دوسرے اور تیسرے خطوط بالترتیب 9 اکتوبر اور 15 اکتوبر لکھے گئے جن میں واضح طور پر بتایا گیا کہ حکومت ایف بی آر پورٹلز کی بندش کو جلد از جلد ختم کرے تا کہ مارکیٹ میں لوکل معیاری چینی کی سپلائی جاری رہے مگر غیر معیاری درآمدی چینی کو بیچنے کی خاطر پورٹلز کو بند کیا گیا جس سے چینی کی کمی اور قیمتیں بڑھنا شروع ہو گئیں ،اگر تب انڈسٹری کی درخواستوں کو ملحوظِ خاطر رکھ لیا جاتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی ۔