شہدا ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے عدالتی فیصلوں کے منتظر ہیں:طاہرالقادری
لاہور(نمائندہ دنیا )بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے عدالتی فیصلوں کے منتظر ہیں۔
12 سال کا ہر دن شہدا کے ورثاء کی نگہداشت میں گزرا، انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا ایسی دوسری مثال کہیں اور نہیں ملے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تابناک مستقبل علم اور ٹیکنالوجی سے جڑا ہے ، اس کے علاوہ کوئی اور شارٹ کٹ نہیں ہے ، منہاج القرآن نے 10 سال میں 25 ہزار مراکز علم قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ،ان شا ئاللہ اس ناممکن کو ممکن کر کے دکھائیں گے ۔شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن کی دعوتی مساعی اور بیانیہ علم اور اعتدال کا فروغ ہے ۔