سپریم کورٹ کے اے سی گیس پلانٹ میں دھماکا، 12 افراد زخمی

سپریم کورٹ کے اے سی گیس پلانٹ میں دھماکا، 12 افراد زخمی

بیسمنٹ میں کنٹین پر اے سی کی مرمت کی جارہی تھی کہ زورداردھماکاہوگیا،عمارت لرزاٹھی،وکلا اورعملہ باہرنکل آیا ماہرین کے مطابق دھماکا گیس کا ہی ہوا،آئی جی ،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کاپمزبرن سینٹرکادورہ ،زخمیوں کی عیادت کی

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر،نیوزرپورٹر)سپریم کورٹ میں اے سی گیس کے پلانٹ میں دھماکے سے 12 افراد زخمی ہوگئے ، دھماکے سے سپریم کورٹ کی عمارت لرز گئی۔ دھماکا سپریم کورٹ کی بیسمنٹ میں واقع کینٹین میں اے سی گیس کے پلانٹ میں ہوا، دھماکے کے بعد وکلا اور سپریم کورٹ کے عملے کے افراد باہر نکل آئے ۔سپریم کورٹ میں سٹاف کینٹین میں اے سی کی مرمت کا کام کررہا تھا کہ اس دوران زور دار دھماکا ہوا، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔آئی جی اسلام آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کینٹین میں 10 بج کر 55 منٹ پر اے سی گیس کا دھماکا ہوا، جس میں 12 افراد زخمی ہوگئے ، جن میں 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ کینٹین میں کئی روز سے گیس لیک ہورہی تھی، اے سی کی مرمت کے دوران دھماکا ہوا، انہوں نے بتایا کہ ماہرین نے بھی کلیئر کر دیا ہے کہ دھماکا گیس کا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اے سی ٹیکنیشن کی حالت تشویشناک ہے ،جبکہ ایک ٹیکنیشن کا 80 فیصد جسم جھلس گیا ہے ۔زخمیوں میں 40 سالہ عاطف، 45 سالہ ناہید عباسی، 44 سالہ عبدالرحمان ،22 سالہ سعد، 35 سالہ طالب حسین، 60 سالہ محمد بشیر ،سالہ محمد اسامہ، 53 سالہ محمود عالم، 48 سالہ عبداللطیف برن سینٹر میں زیر علاج ہیں۔ مزیدبرآں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پمز ہسپتال برن سینٹر کا دورہ کیا اورسپریم کورٹ اے سی پلانٹ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی، چیف جسٹس کے برن سینٹر کے دورے کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ،چیف جسٹس نے زخمیوں سے اظہار ہمدردی کیا، ڈاکٹرز نے چیف جسٹس کو زخمیوں کے علاج کے حوالے سے بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں