پاک ،ایران میڈیا معاہدہ رشتوں کو مضبوط کرے گا :عطا تارڑ

 پاک ،ایران میڈیا معاہدہ رشتوں کو مضبوط کرے گا :عطا تارڑ

مقصد خوشحالی ، حالیہ جنگوں میں تعلقات مزید مضبوط ہوئے ، وزیر اطلاعات دوستی،بھائی چارے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے :ایرانی سفیر ،تقریب سے خطاب

 اسلام آباد (دنیا نیوز،نامہ نگار )وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاک ،ایران میڈیا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرے گا ،دیرینہ خواہش کے مطابق حالیہ برسوں میں تعلقات مزید مضبوط ہوئے ۔اسلام آباد میں پاک ایران وزارت اطلاعات و نشریات کے درمیان معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم پڑوسی اور آپ ہمارے مسلمان بھائی ہیں، تاہم مجھے لگتا ہے کہ یہ رشتہ حالیہ عرصے میں مزید مضبوط ہوا جس کی ہم بہت عرصے سے خواہش رکھتے تھے ۔ آج ہونے والا یہ معاہدہ میڈیا کے شعبے میں رشتوں کو مضبوط کرے گا ، جن معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں یہ جلد عمل میں لائے جائیں گے اور ہم ان شعبوں میں تعاون کریں گے ۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات نئے اور مضبوط مر حلے میں داخل ہو چکے ہیں پاک ایران کے درمیان بڑھتا تعاون خوش آئند ہے ، پاکستانی عوام،حکومت،میڈیا نے مشکل وقت میں ایران کا بھرپور ساتھ دیا، ایران کے عوام پاکستان کی دوستی،بھائی چارے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ، دریں اثنا وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر سے ایرانی سفیر نے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان زراعت، غذائی تحفظ اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ،ایرانی سفیر نے کہ ایران پاکستان سے 3 لاکھ 50 ہزار مویشی درآمد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں