ترمیم صوبائی خودمختاری پر ڈاکا
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی نے 27 ویں آئینی ترمیم کو صوبائی خودمختاری پر ڈاکا قرار دے دیا ہے ۔
سہیل آفریدی نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ بانی عمران خان سے ملاقات نہ کروائے جانے پر پارلیمنٹ میں قرارداد لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میں نے ملاقات کی اجازت کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا، لیکن عدالتی احکامات پر بھی عمل نہیں ہوا اور ان سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔ جمہوری راستے اختیار کر رہا ہوں، لیڈر سے ملاقات میرا حق ہے ۔وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اس ملک میں سپریم پارلیمنٹ ہے ۔ پارلیمانی سیشن میں شرکت کے لیے آیا ہوں، میں بانی سے ملاقات کے لیے آواز اٹھاؤں گا ، آج جمعرات کو میری اپنے لیڈر عمران خان سے ملاقات ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوریت اور آئین کی محافظ ہے ۔ جمہوریت کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے اور صوبائی خودمختاری پر کسی قسم کے حملے کو برداشت نہیں کریں گے ۔سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پاس این ایف سی شیئر خیبر پختونخوا کا 19اعشاریہ 4 فیصد بنتا ہے اور وفاق سے ہمارا ساڑھے سات ارب روپے سے زیادہ کا حق بنتا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں دوستوں کی ملاقات کا آج دن، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ملاقات کی چوتھی کوشش کرینگے ۔ جیل حکام کو تحریک انصاف کی جانب سے بھجوائی جانے والی فہرست میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، ایم پی اے مینا خان، سابق سپیکر مشتاق غنی ،سابق صوبائی وزیر سید فخر جہاں، تیمور خان جھگڑا اور ایم پی اے معین قریشی کے نام شامل ہیں ۔