کسٹم کلیئرنگ ایجنٹ سمیت 3 ملزموں کی ضمانت مسترد
تینوں عدالت سے فرار،جعلی کاغذات سے 6ارب کا سامان نکلوانے کامقدمہ ہے درخواست گزاروں نے چین سے آیا ہوا سگریٹ پیپر کلیئر کروایا تھا،مقدمہ جھوٹا،وکیل
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے جعلی کاغذات کے ذریعے کسٹم سے چھ ارب روپے کا سامان نکلوانے کے مقدمہ میں کسٹم کلیئرنگ ایجنٹ صدیق اعوان سمیت تین ملزموں کی درخواست ضمانت خارج کر دی جبکہ ملزم عدالت سے فرار ہو گئے ، جسٹس شہباز رضوی نے درخواست ضمانت پر سماعت کی،ملزموں کی جانب سے بیرسٹر حسن انوار پنوں نے دلائل دئیے کہ کسٹم حکام نے درخواست گزاروں کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا، درخواست گزاروں نے چائنہ سے آیا ہوا سگریٹ پیپر کلیئر کروایا، سگریٹ پیپر چائنہ سے کراچی اور پھر سمبڑیال پورٹ پہنچا تھا،کسٹم حکام کے مطابق کسٹم کلیئرنگ کیلئے جعلی سگریٹ پیپر کے کاغذات پیش کیے گئے ،کسٹم حکام نے تمام کاغذات کی خود تصدیق کی اور سامان کا اجرا کیاتھا۔