فیڈملز میں گندم کے استعمال پر پابندی میں ایک ماہ کی توسیع
اقدام انسانی استعمال کے لئے گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کیا گیا گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کیلئے استعمال ہو گی :محکمہ داخلہ ،نوٹیفکیشن جاری
لاہور(اپنے نامہ نگارسے )حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کی فیڈ ملز میں گندم کو مرغیوں کے دانے میں استعمال کرنے پر عائد پابندی میں دفعہ 144 کے تحت ایک ماہ کی توسیع کر دی ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ انسانی استعمال کیلئے گندم، آٹے اور روٹی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کیلئے استعمال ہو گی ۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں گندم کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیشِ نظر یہ اہم فیصلہ کیا،پنجاب میں فیڈ ملز کے پاس 1 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کا ذخیرہ موجود تھا اورفیڈ ملز اس بڑی مقدار میں گندم کو مرغیوں کے دانے کیلئے استعمال کرنے والی تھیں۔