بابا گورو نانک کا جنم دن،پالکی کا جلوس ، تقریبات اختتام پذیر
وفاقی و صوبائی وزراکی شرکت،مذہب اپنا اپنا لیکن انسانیت سانجھی ،سردار یوسف یاتری واپس جا کر پاکستان سے ملنے والی محبت کا پیغام دنیا بھر میں پہنچائیں، رمیش
لاہور/ننکانہ صاحب(خبر نگار،نیوز ایجنسیاں )سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات ننکانہ صاحب میں اختتام پذیر ہو گئیں ، پالکی صاحب کا جلوس بھی نکالا گیا۔متروکہ وقف املاک بورڈ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام مرکزی تقریب گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ تمام مذاہب قابل احترام اورامن کا درس دیتے ہیں،مذہب اپنا اپنا لیکن انسانیت سانجھی ہے ، بھارت سے آئے اکال تخت کے گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی دھرتی سے عثق ہے ، ہم یہاں آزادی سے گھوم رہے ہیں ہمیں کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ۔دہلی گورو دوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار رویندر سنگھ سویٹا نے کہا کہ پاکستان سرکار کے دروازے پہلے سے ہی کھلے تھے ہماری درخواست بھارت سرکار نے قبول کی اور ہمیں گو دھرتی پر آ نے کا موقع ملا ۔ پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ سکھوں کے لیے حکومت پاکستان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں سکھ یاتری دورہ سے واپس جا کر پاکستان سے ملنے والی محبت ،امن احترام کا پیغام دنیا بھر میں پہنچائیں۔ آخر میں سکھ رہنماؤں کی طرف سے وفاقی وزیر سمیت دیگرشرکاء میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے ۔ادھر پاکستانی امیگریشن حکام نے سکھ یاتریوں کے ساتھ آنے والے 12 ہندوئوں کو واپس بھارت بھیج دیا۔امیگریشن حکام کے مطابق ان 12 ہندئوں کی جائے پیدائش سندھ تھی، اب وہ بھارتی شہریت لے چکے ہیں۔