فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کا مسودہ تیار،رقم نہیں، ملک گیر سروس ترجیح

فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کا مسودہ تیار،رقم نہیں، ملک گیر سروس ترجیح

ا سلام آباد (ایس ایم زمان)پالیسی ایڈوائزر ی کمیٹی نے ملک بھر میں فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کا مسودہ تیار کر لیا ۔وفاقی حکومت کی مجوزہ پالیسی کے مطابق نیلامی میں ترجیح لائسنس کی رقم کے بجائے فائیو جی سروس کی جلد از جلد ملک گیر دستیابی کو دی جائے گی۔

پالیسی کو خطے اور دنیا کے مختلف ممالک کے سپیکٹرم ماڈلز کا جائزہ لے کر تیار کیا گیا ،مجوزہ ماڈل کے تحت زیادہ رقم وصول کرنے کے بجائے سروس کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی۔ اس سلسلے میں سعودی عرب کے ماڈل کو بنیاد بنایا گیا ہے ، جہاں فائیو جی لائسنس مفت فراہم کئے گئے اور کمپنیوں کو 2025 تک پورے ملک میں فائیو جی سروس شروع کرنے کا پابند کیا گیا۔وفاقی حکومت کے مطابق جتنی جلد فائیو جی سروس ملک میں دستیاب ہوگی، اتنی ہی تیزی سے پاکستان کی معاشی ترقی ممکن ہو سکے گی ، آئی ٹی سیکٹر اور آئی ٹی برآمدات مستقبل میں ملکی معیشت کے اہم ستون قرار د ئیے جا رہے ہیں، حکومت کا موقف ہے کہ اگر لائسنسوں سے اربوں روپے حاصل بھی کر لئے جائیں لیکن سروس صرف چند شہروں تک محدود رہے تو اس کا حقیقی فائدہ معیشت کو نہیں پہنچے گا ،حکومت نے تجویز دی ہے کہ فائیو جی سپیکٹرم نیلامی میں رقم کی کوئی حد مقرر نہ کی جائے اور دو سے پانچ سال کے اندر ملک بھر میں فائیو جی سروس یقینی بنائی جائے ، یہ تجاویز ایڈوائزری کمیٹی کی منظوری کے بعد کابینہ کو حتمی منظوری کے لئے بھیجی جائیں گی ،چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے روزنامہ دنیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ فائیو جی پالیسی تیار کر لی گئی ہے ، جس کی کابینہ منظوری کے بعد سپیکٹرم نیلامی کا عمل شروع کیا جائے گا ، ان کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی میں صارفین کو بہترین اور معیاری سروس فراہم کرنے کے لئے واضح شرائط شامل کی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں