بلوچستان کی قومی ، صوبائی نشستیں بڑھائی جائیں :سینیٹر عبدالقادر
26 ویں ترمیم کے وقت کیا وعدہ پورا کیا جائے ، منظور کاکڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے بلوچستان عوامی پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں منظور کاکڑ اور دیگر کی موجودگی میں پریس کانفرنس کرتے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے 45 فیصد سے زائد رقبے پر محیط ہے ، اسکی آبادی دور دراز علاقوں تک پھیلی ہے ، بلوچستان میں صوبائی اسمبلی ممبران کی تعداد 66 ہے جو رقبے کے اعتبار سے بہت کم ہے ، ان ممبران کی تعداد 66 سے بڑھا کر 95 کی جائے تو عوامی مسائل کا حل تلاش کرنے میں بہتر طور پر مدد ملے گی، اسی تناسب سے قومی اسمبلی کے ممبران کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے ،انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی کل 20 سیٹیں ہیں جن میں سے 16 جنرل اور 4 خواتین کی سیٹیں ہیں اہم بات یہ ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے موقع پر بلوچستان صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی کے ممبران کی تعداد میں اضا فے پر بات بھی ہوئی تھی اور اس دیرینہ مطالبہ کو 27ویں آئینی ترمیم کے موقع پر پورا کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا،آئین تشکیل دینے اور اس میں ترامیم کرنے کا مقصد معاملات کو احسن طریقے سے حل کرنا ہے ، آئینی ترامیم کا مقصد آئین کا حلیہ بگاڑنا نہیں بلکہ اسکے تحت مسائل کا حل تلاش کرنا ہوتا ہے ۔