ڈینگی سے 32اموات، ٹیسٹ کے من مانے ریٹس ، اسمبلی میں تشویش

ڈینگی سے 32اموات، ٹیسٹ کے من مانے ریٹس ، اسمبلی میں تشویش

وفاق،صوبوں سے فوری اقدامات کا مطالبہ ،عوام دونوں ہاتھوں سے لٹ ر ہے ، عالیہ ویسٹ پاکستان موٹر وہیکل ٹیکسیشن اور لوکل گورنمنٹ دوسرا ترمیمی بلز ایوان میں پیش

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین نے ڈینگی کی بڑھتی ہوئی وبا پر ایوان میں شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایوان میں ہاتھ جوڑ کر مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک مہینے کے دوران حیدرآباد میں ڈینگی سے 32 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے تاحال موثراقدامات نہیں کئے گئے ۔وسیم حسین نے کہا کہ جو سپرے کیا جا رہا ہے ، اس سے عام مچھرتک نہیں مررہا تو ڈینگی کا مچھرکیسے ختم ہوگا؟ ۔ ایم کیو ایم رہنما نے آصف زرداری سے اپیل کرتے ہوئے کہا میں ہاتھ جوڑ کردرخواست کرتا ہوں، حیدرآباد کے عوام کو بچائیں۔

رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے کہا کہ نجی ہسپتال اور لیبارٹریاں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں اگر ریگولیٹری اتھارٹی موجود ہے تو پھر یہ غیر معمولی فیسیں اور ٹیسٹ چارجز کیوں نہیں روکے جا رہے ؟ پارلیمانی سیکرٹری صحت نیلسن عظیم نے کہا کہ لیبارٹریوں کے ریٹس کم ہونے چاہئیں اور ہم اس حوالے سے پالیسی سطح پر کام کر رہے ہیں ۔ ایوان میں ویسٹ پاکستان موٹر وہیکل ٹیکسیشن ترمیمی بل اور لوکل گورنمنٹ دوسرا ترمیمی بل 2025 بھی پیش کر دیئے گئے ، تمام بلزمتعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے ۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے میڈیا سے جبری برخاستگی اور نیشنل پریس کلب پر پولیس گردی کے بعد چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ کرنے پر پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں