آذربائیجان کے یوم فتح پر پاکستانی طیاروں کی گھن گرج : معرکہ حق میں دنیا نے ہماری جنگی صلاحیتیں دیکھیں : شہباز شریف

آذربائیجان کے یوم فتح پر پاکستانی طیاروں کی گھن گرج : معرکہ حق میں دنیا نے ہماری جنگی صلاحیتیں دیکھیں : شہباز شریف

دشمن کے 7 بہترین جنگی طیارے مار گرائے ، کامیابیوں کا جشن مناتے ہمیں مستقبل پر بھی نظر رکھنی ہے ، وزیراعظم پاکستان ترکیہ کا ساتھ کبھی نہیں بھولیں گے،صدر آذربائیجان، شہباز شریف سے اردوان کی ملاقات ،فیلڈ مارشل بھی شریک

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)باکو میں آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں پاکستانی طیارو ں کی گھن گرج نے دیکھنے والوں کالہو گرمایا، وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطا ب میں کہا معرکہ حق میں دنیا نے ہماری جنگی صلاحیتیں دیکھیں،پاکستان نے دشمن کے 7 بہترین جنگی طیارے مار گرائے ، کامیابیوں کا جشن مناتے ہمیں مستقبل پر بھی نظر رکھنی ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں خصوصی دعوت پر شرکت کی،پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا یوم فتح کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث فخر ہے ، پاکستان کے عوام کی طرف سے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

پاکستان، آذربائیجان اور ترکیے نے ہمیشہ دوستی اور یکجہتی کا ثبوت دیا، پاکستان، آذربائیجان اور ترکیے کے دل ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی جنگی صلاحیتیں دیکھیں، افواج پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کرتے ہوئے 7 طیارے گرائے ۔کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے ہمیں مستقبل پر بھی نظر رکھنی ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر میں امن کے لیے کردار ادا کیا، بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر آذربائیجان اور ترکیے کا شکر گزار ہوں، معرکہ حق کی کامیابی کے جشن میں آذربائیجان کے دستے کی شرکت اہمیت کاحامل ہے ۔تقریب میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے قومی ترانے بجائے گئے ، پاک فوج کا خصوصی دستہ یوم فتح کی پریڈ میں شریک ہوا اور قومی پرچم تھامے ہوئے پاکستانی فوجی دستے نے مہمانوں کو سلامی دی، جے ایف 17 تھنڈر ، ایف 16 طیاروں اور پاکستانی ہیلی کاپٹروں نے بھی ترکیے اور آذربائیجان کے ساتھ مل کر فلائی پاسٹ میں حصہ لیا۔

زمین پر ٹینکوں اور میزائلوں کی نمائش بھی کی گئی۔ دیکھنے والوں نے پاکستان، آذربائیجان اور ترکیے کے فوجی دستوں کی مہارت کو خوب سراہا۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ نے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے ۔ ترکیہ اور پاکستان نے جس طرح ہمارا ساتھ دیا، اس کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے کہا کہ آذربائیجان کے یوم فتح کی 5ویں تقریب میں شرکت پر خوشی ہے ، آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہم نے اتحاد اور یکجہتی سے آگے بڑھتے رہنا ہے ، ہم تین ملک ایک خاندان کی مانند ہیں، پاکستان، ترکیے اور آذربائیجان کا اتحاد مزید مضبوط ہوگا، کاراباخ کی فتح سے ناانصافی کے ایک دور کا خاتمہ ہوا، امن معاہدہ آذربائیجان اور آرمینیا کی قیادت کی دانشمندی کا ثبوت ہے ۔اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف سے ترک صدر رجب طیب اردوان کی ملاقات ہوئی، جس میں چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے ۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے ترکیہ کے یوم جمہوریہ کے موقع پر صدر اردوان اور ترکیہ کے برادر عوام کو تہنیتی مبارکباد پیش کی اور پاکستان، ترکیہ دوستی کے ایک طویل پرجوش تقریبات کو سراہا جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہیں۔وزیراعظم نے ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے روابط پر مشتمل ایک وسیع شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔اس حوالے سے یہ طے پایا کہ ترکیہ کا ایک وزارتی وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی تشویش کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور خطے اور وسیع تر مسلم دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں