مریم نواز کی منظوری سے آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کا آغاز
نواز شریف آئی ٹی سٹی گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا : وزیراعلیٰ اداکارہ صابرہ سلطانہ کی مالی امداد کے لئے چیک گھربھجوادیا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نوجوان گریجویٹس کیلئے آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب کو آئی ٹی کا حب بنائیں گے ،اس اقدام سے ہم صوبے کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کررہے ہیں، نواز شریف آئی ٹی سٹی گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد پنجاب میں چیف منسٹر آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کا آغازکردیاگیا۔
چیف منسٹر آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کے تحت پانچ ماہ کی انٹرن شپ کے دوران 50 ہزار روپے سکالر شپ دیا جائے گا،آئی ٹی گریجویٹس مارکیٹ کے مطابق سکلز اور ٹیکنالوجی میں ٹریننگ حاصل کر سکیں گے ،آئی ٹی کمپنیز میں انٹرن شپ سے پروفیشنل اور ایکسپرٹ ماہرین سے استفادہ کرنے کا نادر موقع بھی ملے گا-چار سال میں ڈگری مکمل کرنے والے پنجاب کے رہائشی آئی ٹی گریجویٹ آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز کوپ 30کانفرنس میں شرکت کیلئے برازیل پہنچ گئیں ،کانفرنس کل 10نومبر کو شروع ہوگی اور 21 نومبر تک جاری رہے گی ۔
ترجمان ایوان وزیر اعلیٰ کے مطابق سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب،وزیربلدیات ذیشان رفیق اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات بھی وزیراعلی ٰکے ہمراہ ہیں۔ مریم نواز شریف کی جانب سے ماضی کی نامور اداکارہ صابرہ سلطانہ کی علالت پر ان کی مالی معاونت کیلئے چیک جاری کردیاگیا ، معاون خصوصی راشد اقبال نصر اللہ نے اداکارہ کی عیادت کے دوران انہیں چیک پیش کیا۔