موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ اب ہر فیصلے کا مرکز و محور، بجٹ بڑھا دیا : مریم نواز
ماحول دوست ایندھن کی طرف بڑھ رہے ہیں، پاکستان پویلین کی تقریب سے خطاب سابق وزیر اعظم نیوزی لینڈ کے ہمراہ فیتہ کاٹا ،پنجاب میں ماحولیات کیلئے جراتمندانہ اقدامات کیے گئے ، جیسنڈا
لاہور(سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ موسموں کی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ اب ہر فیصلے کا مرکز اور محور بن چکا ہے ۔ سموگ کے خاتمے کیلئے بجٹ 94ارب روپے سے بڑھا کر 123 ارب روپے کر دیا۔ برازیل کے شہر بیلم میں کاپ30کانفرنس کے دوران پاکستانی پویلین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں جنگلات اب خاموش نہیں، جھیلیں اب ساکت نہیں،صوبے کے جنگلات میں دھڑکن لوٹ آئے گی، پنجاب میں ہم ماحول دوست ایندھن کی طرف بڑھ رہے ہیں، کوڑے کے ہر ڈھیر کو ایندھن میں بدلنے کی طرف جارہے ہیں اور کلین ایئر اینڈ ای موبیلٹی ویژن کو پورے صوبے میں پھیلارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب نے صرف نعرے نہیں لگائے بلکہ قابل عمل سسٹم وضع کیے ۔ مختلف شہروں میں 10 بڑے آٹومیٹڈ ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم لارہے ہیں۔ کوڑے سے بھری لینڈ فل سائٹس کو سرسبز جنگلوں اور سولر پارکس میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔
مریم نواز نے کہا کہ بیلم میں مختلف ممالک کے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تجربات سننے ، سمجھنے اور مشاہدہ کرنے کیلئے آئے ہیں۔ ایمزون اور انڈس بیشک بے حددور ہیں لیکن دونوں زمین کی دھڑکن سے منسلک ہیں۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہونے والے دس ممالک میں شامل ہے ۔ پاکستان کاگلوبل ایمیشن میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ہے لیکن موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے ۔ پنجاب کلائمیٹ ریزیلینس 2025 ء کے ذریعے ڈیٹا گورننس اور شہریوں کی معاونت کے امتزاج سے بحران کو صلاحیت جبکہ مایوسی کو تیاری میں بدل دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ درست پیشگی اطلاعات کیلئے کلائمیٹ آبزرویٹری کے ذریعے صوبے کو سیٹلائٹس اور عالمی سینسر سے جوڑا جائے گا۔ مریم نوازنے کہا کہ سائلج مشینری، ڈرائرز، پرونیرز، سپرے اور پیوٹ اریگیشن سسٹم نے کھیتوں کو ٹیکنالوجی اور نئی امید میں بدل دیا ہے ۔ ہر مشین کے ساتھ کسانوں کی کارکردگی، عزم اور مقابلے کی صلاحیت بڑھ رہی ہے ۔ایسی زراعت کی طرف بڑھ رہے ہیں جو خوراک کی ضروریات کے ساتھ زمین کی حفاظت کو بھی یقینی بنائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا پنجاب میں جلد 1100 الیکٹرک ٹیکسیاں بھی جلد سڑکوں پرماحول دوست معیشت کا تعارف بنیں گی۔ مختلف شہروں میں 10 آٹومیٹڈ ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم لارہے ہیں۔ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں 60 الیکٹرک میٹرو بسیں جلد شروع ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ستھرا پنجاب کے دوسرے مرحلے میں کچرے کو ایندھن، بائیو گیس اور کھاد میں بدل رہے ہیں۔ ری سائیکلنگ پلاسٹک، شیشہ اور دھات کو دوبارہ خام مال بنائیں گے ۔پنجاب میں ہرنیا پل، ہرسکول اور ہر سڑک سبز انقلاب کا پیش خیمہ بنے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کے ہمراہ کاپ 30 کانفرنس کے موقع پر پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے کاپ 30 کانفرنس میں پاکستان پویلین قائم کیا گیا ہے ۔ جیسنڈا آرڈرن کو کاپ 30 کانفرنس میں پیسفک ممالک کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کیا گیا ۔
جیسنڈا آرڈرن نے پنجاب حکومت کے ماحول دوست اقدامات اور آلودگی کے خاتمے کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز سے نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ملاقات بھی کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے ماحولیاتی چیلنج سے نمٹنے کیلئے حکومت پنجاب کی حکمت عملی سے نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ جیسنڈاآرڈرن نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مختصر وقت میں ماحولیاتی بہتری کیلئے جراتمندانہ اقدامات کیے گئے ۔ وزیراعلیٰ نے جیسنڈا آرڈرن کے بطور وزیر اعظم نیوزی لینڈ کے عوام کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔