پنجاب :ریڈ الرٹ ، عدالتوں ، چینی منصوبوں کی سکیورٹی سخت
سیف سٹی کیمروں کی نگرانی، کوریج کا دائرہ کار تمام عدالتی کمپلیکسز تک بڑھا دیا گیا اہم روٹس ، مقامات پر سرچ آپریشنز ، چیک پوسٹوں ،داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ
لاہور (نامہ نگار خصوصی،کرائم رپورٹر)اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد پنجاب میں انتظامی مشینری بھی حرکت میں آ گئی ہے اور صوبہ بھر میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیاہے ۔عدالتوں ، ججز انکی رہائش گاہوں اور چینی منصوبوں کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔سیف سٹی کیمروں کی نگرانی، کوریج کا دائرہ کار تمام عدالتی کمپلیکسز تک بڑھا دیا گیا جبکہ اہم روٹس ، مقامات پر سرچ آپریشنز کئے جارہے ہیں اور سرحدی چیک پوسٹوں ،داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بھی مزید سخت کردی گئی ہے ۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت صوبے بھر کی سکیورٹی، لا اینڈ آرڈر اور دیگر امور کے حوالے سے اہم ویڈیو لنک اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں ہوا۔آئی جی نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتظامات مزید مو ثر بنانے ، دہشتگرد و شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا عدالتی کمپلیکسز، چینی پراجیکٹس اور ججز رہائشگاہوں کا سکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے ،عدالتی کمپلیکسز میں داخل ہونے والی گاڑیوں کے لیے سٹیکرزسکیم نافذ کر دی ۔ کسی غیر متعلقہ گاڑی کو احاطہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ڈاکٹر عثمان انور نے افسروں کو ہدایت کی صوبے بھر میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں اور غیر ملکیوں کے انخلا کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے ۔