حکومت کے پاس فنڈز کی کمی چارماہ میں ترقیاتی منصوبوں پر صر ف 7 اعشاریہ 6 فیصد رقم خرچ
اسلام آباد(مدثرعلی رانا)وزارت منصوبہ بندی کی دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ جولائی سے اکتوبر صرف 76 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہو سکے۔
حکومت رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ڈویلپمنٹ منصوبوں پر ٹوٹل پی ایس ڈی پی کا محض 7.6 فیصد فنڈز استعمال کر سکی، جولائی سے دسمبر کیلئے فنڈز ریلیزسٹرٹیجی کے مطابق 35 فیصد اتھارائزیشن بھی نہ ہو سکی، کیبنٹ ڈویژن، وزارت تجارت، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، پارلیمانی افیئرز، پٹرولیم ڈویژن، مذہبی امور سمیت مجموعی طور پر 6 وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیلئے کوئی رقم نہ جاری کی گئی، کیبنٹ ڈویژن کیلئے 70 ارب، پارلیمانی افیئرز کیلئے 2 ارب 50 کروڑ، پٹرولیم ڈویژن کیلئے 71 کروڑ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے 49 کروڑ، مذہبی امور کیلئے 65 کروڑ اور کامرس ڈویژن کیلئے 5 کروڑ روپے مختص ہیں لیکن جولائی سے اکتوبر تک ان وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے کوئی رقم جاری نہ ہو سکی۔ ۔