اسلام آباد فیڈرل ٹیکس آفس میں 29 کروڑ کا کرپشن سکینڈل، 20 ملزم گرفتار

اسلام آباد فیڈرل ٹیکس آفس میں 29 کروڑ کا کرپشن سکینڈل، 20 ملزم گرفتار

غیر قانونی طریقے سے اسٹامپ پیپرز جاری ،کورٹ فیس اور فارن بلز کی رقوم میں خورد برد کی گئی ملوث 71ملزموں کیخلاف مقدمہ درج ،گرفتار افراد میں 4سینئر آڈیٹر، 1اسسٹنٹ اکائونٹ افسر شامل

 اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے ،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد فیڈرل ٹیکس آفس میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف ،قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ ایف آئی اے نے وفاقی ٹیکس محتسب کے دفتر پر چھاپہ مار کر ریکارڈ  قبضے میں لے لیا۔ ایف آئی اے نے میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث 71 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ 20 ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ۔ گرفتار افراد میں 9 سرکاری اہلکار اور افسران بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق گرفتار سرکاری ملازمین میں 4 سینئر آڈیٹر اور 1 اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر شامل ہے ۔عدالت نے گرفتار ہونے والے ملزمان کو3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا، غیر قانونی طریقے سے اسٹامپ پیپرز جاری کروا کر فیس ،کورٹ فیس اور فارن بلز خزانے میں جمع نہ کرانے کا انکشاف ہواہے۔

ابتدائی تحقیقاتی تخمینے کے مطابق اس کرپشن سے قومی خزانے کو تقریباً 29 کروڑ 65 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ یہ رقم 2638 جعلی اور بوگس TR-32 فارموں کے اجرا کے ذریعے خوردبرد کی گئی۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی TR-32 چالان فارم استعمال کرتے ہوئے اسٹامپ پیپرز، کورٹ فیس اور فارن بلز غیر قانونی طور پر جاری کیے اور سرکاری خزانے میں مقررہ فیس جمع کرائے بغیر مالی فائدہ حاصل کیا۔مزید گرفتاریاں متوقع ہیں جبکہ ایف آئی اے نے کیس کی تحقیقات مزید وسیع کر دی ۔ذرائع کے مطابق ایف ٹی او کے 71 افسران و اہلکاروں و اسٹامپ وینڈرز کے خلاف مقدمہ تھانہ آبپارہ کے مقدمہ نمبر 527/2025 کی ریکارڈ وصولی پر انکوائری نمبر 368/2025مکمل ہونے پر درج کیاگیا ۔ انکوائری مکمل ہونے و ثبوت سامنے آنے پر مقدمہ اندراج کی منظوری ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری نے دی۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق 10 سالہ فرانزک آڈٹ کے بعد اصل نقصان کا تعین کیا جائے گا۔اے ڈی سی آر امتیاز جنجوعہ،سپرنٹنڈنٹ محمد ارشد سمیت ایف ٹی او اور ڈی آر اے برانچ کے دیگر افسران کے کردار کا تعین تفتیش میں ہوگا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں