لودھراں : بچہ گٹر میں گرکر جاں بحق، ڈی سی کو ہٹا دیا گیا

لودھراں : بچہ گٹر میں گرکر جاں بحق، ڈی سی کو ہٹا دیا گیا

تین بہنوں کا اکلوتا بھائی ریحان والدکیساتھ جا رہا تھا کھلے مین ہول میں گرگیا ٹھیکیدار ،سب انجینئر کیخلاف مقدمہ ،انکوائری کمیٹی تشکیل ،وزیر اعلیٰ کا نوٹس

لودھراں،دھنوٹ(سٹی رپورٹر،نامہ نگار )3بہنوں  کا اکلوتا بھائی کھلے گٹر میں گرکر جاں بحق ہو گیا ،ٹھیکیدار اورسب انجینئر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ، وزیرِاعلیٰ پنجاب نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لودھراں ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا۔ 7 سالہ ریحان تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، اپنے والد اللہ رکھا کے ساتھ ناشتہ لینے جا رہا تھا کہ راستے میں کھلے مین ہول میں جا گرا، ریسکیو ٹیم نے ایک گھنٹے سے زائد طویل آپریشن کے بعد بچے کو باہر نکالا جو ڈسٹرکٹ ہسپتال لے جاتے دم توڑ گیا۔

وزیراعلیٰ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لودھراں ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا۔ ضلعی انتظامیہ نے معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ کمیٹی کو 24 گھنٹوں میں حقائق سامنے لاکر ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق بچے کی ہلاکت کا ذمہ دارمظفرگڑھ کمپنی کے روڈ پراجیکٹ کے ٹھیکیدار اور سینئر سب انجینئر کو قرار دیا گیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ کونسل آفیسر راشد کامران کی مدعیت پر ٹھیکیدار حاجی محمد اور سب انجینئر طارق محمود کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں