آئینی ترامیم کیخلاف اسلام آباد تک مارچ کرینگے : وکلا
لاہو رمیں کنونشن کے دوران 26اور27ویں ترامیم کے خلاف قراردادمنظور آئین نہ بچایا تو تاریخ معاف نہیں کریگی:حامد خان ،سلمان اکرم ،علی کرداوردیگر
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام26 ویں اور 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف آل پاکستان وکلا کنونشن میں سینیٹر حامد خان، علی احمد کرد ،آصف نسوانہ ، اسد منظور بٹ، چودھری اشتیاق اے خان، شفقت محمود چوہان سمیت وکلا ئکی بڑی تعداد نے شرکت کی اور وکلا نے مزید کنونشن اور اسلام آباد تک مارچ کرنے کا اعلان کیا ۔لاہور ہائیکورٹ بار کے جاوید اقبال آڈیٹوریم میں ہونیوالے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملک آصف نسوانہ نے کہا کہ سب ترامیم کی وجہ ایک شخص کا ڈر اور خوف ہے ،بہت بڑے بڑے طالع آزما آئے اور آئین کے ساتھ بڑے بڑے تجربے کئے لیکن فتح حق اور سچ کی ہوئی، آپ ڈٹے رہیں فتح آپ کی ہوگی،کنونشن میں مذمتی قراردادمتفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن حسیب جمالی نے کہا چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترمیم کو مسترد کرتے ہیں۔
صدر لاہور بار ایسوسی ایشن مبشر رحمن نے کہا کہ یہ ترامیم نہیں ظلم ہے ، ہم دسمبر میں مزید کنونشن کریں گے اور اسلام آباد تک مارچ کریں گے ۔ سینئر وکیل علی احمد کرد نے کہا کہ وکلاء تحریک کی ایک تاریخ ہے ہم نے بڑے بڑے جنرلوں کو للکارا ہے ، یہ ملک صرف جنرلوں کا ہے ، ججز کا ہے اور ان وکیلوں کا ہے جو اسٹیبلشمنٹ کی زبان بولتے ہیں، آج اس ملک میں کوئی سیاسی جماعت نہیں ہے ،اس ملک میں بہت تیزی سے خرابی پیدا ہو رہی ہے ،اگر ہم خاموش رہے تو یہ بگاڑ سب کچھ بہا کر لے جائے گا ۔سینئر وکیل حامد خان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے اگر آپ نے آئین نہ بچایا تو تاریخ معاف نہیں کرے گی، جنہوں نے ترامیم کو ووٹ دیا وہ آرٹیکل چھ کے مجرم ہیں، ہمیں اتحاد کی ضرورت ہے ، ایک طرف آپ ہیں اور دوسری طرف اسٹیبلشمنٹ کے ٹاؤٹ ہیں، آپ نے ان کو روکنا ہے ۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ فیصلہ کرنے والوں نے ہماری شرافت ، ہماری آزادی سمیت ہر چیز پر حملہ کر دیا ، جب تک وکلاء زندہ ہیں وکلاء کھڑے ہیں کوئی اس ملک کو تباہ نہیں کر سکتا۔ربیعہ باجوہ ، ایڈووکیٹ رحمٰن ، ایڈووکیٹ فیصل ،عامر نواز وڑائچ ،ریاست علی آزاد ،محمود اشرف اوردیگر کا کہناتھاکہ آج اگر ہم نہ اٹھے تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی ، ہم پاکستان کے خلاف نہیں ہیں، ہم کہتے ہیں کہ نظام کو ٹھیک کرو۔