پنجاب کو غیرقانونی اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے نیاقانون تیار
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے صوبے کو غیر قانونی اسلحے سے پاک کرنے کیلئے نیا قانون تیار کر لیا۔ پنجاب سرنڈر آف الیگل آرمز ایکٹ 2025 کا ڈرافٹ مکمل کر لیا گیا ہے جس میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیلئے بھاری جرمانے اور سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔
حکومت کی جانب سے عوام کو 15 روز تک کی مہلت دی جائے گی، جس دوران شہری بلا خوف و خطر اپنا غیر قانونی اسلحہ قریبی تھانے یا سی سی ڈی کے پاس جمع کرا سکیں گے ،مقررہ مدت میں ہتھیار جمع کرانے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔حکام کے مطابق جمع کرائے جانے والے ہر اسلحے کی رسید جاری کی جائے گی اورہتھیاروں کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جائے گا۔ مہلت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی اسلحہ نہ جمع کرانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔