شارجہ سے جعلی برطانوی ویزوں پر 5 پاکستانی ڈی پورٹ،گرفتار

شارجہ سے جعلی برطانوی ویزوں پر 5 پاکستانی ڈی پورٹ،گرفتار

مسافر وزٹ ویزاپر ملائیشیا گئے ،جعلی دستاویزات پر شارجہ سے برطانیہ جانیکی کوشش عمرہ کے بہانے جعلی دستاویزات پر یورپ جانے کی کوشش کرنیوالا مسافر بھی گرفتار

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )شارجہ سے جعلی برطانوی ویزوں پر 5 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق شارجہ سے ڈی پورٹ مسافروں کو لاہور ائیرپورٹ پر پہنچتے ہی حراست میں لے لیا گیا۔گرفتار ملزموں میں وقار انجم، طیب افتخار، علی شان، ملک ظہیر اور ملک ذیشان شامل ہیں۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافر رواں سال وزٹ ویزے پر لاہور سے ملائیشیا گئے تھے ، ملزموں نے جعلی دستاویزات پر شارجہ سے برطانیہ جانے کی کوشش کی۔

ترجمان ایف آئی اے کا بتانا ہے کہ ملزموں نے ایجنٹوں کی مدد سے جعلی ویزے حاصل کیے ، جعلی دستاویزات پر ملزموں کو پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزموں کو لاہور پہنچتے ہی گرفتار کر کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش جاری ہے ۔ایک اور کارروائی میں عمرہ کے بہانے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش میں ڈی پورٹ ہونے والے مسافر عبدالرحمن کو گرفتار کرلیا گیا،ملزم کی والدہ عمرے کے بعد واپس آگئی مگر وہ خود آذربائیجان کے ویزے پر باکو گیا،اٹلی جانے کے لئے جنید علی نامی شخص کی شناخت اور سفری دستاویزات استعمال کیں،استنبول ٹرانزٹ کے دوران امیگریشن حکام نے پکڑ لیا اور ڈی پورٹ ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں