سکوٹی حادثہ میں جاں بحق لڑکیوں کے ورثا نے ملزم کو معاف کردیا
ملزم کی شام کے وقت پیشی، سخت سکیورٹی، میڈیا سمیت کسی کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت نہ دی گئی مقتولہ کے ایک بھائی نے ذاتی طور پر عدالت پیش ہو کر بیان دیا، والدہ کا بیان آن لائن ریکارڈ کیا گیا دوسری بچی کے والد نے بھی عدالت کے روبرو بیان قلمبند کرایا، باہمی صلح کے بعد ملزم ابوزر کی رہائی کا حکم
اسلام آباد (رضوان قاضی)جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت نے گاڑی کی ٹکر سے دو لڑکیوں کی ہلاکت سے متعلق کیس میں فریقین کے درمیان باہمی صلح کے بعد جج کے گرفتار بیٹے ابوزرکو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا، گزشتہ روز سماعت کے دوران گرفتار ملزم ابوزر کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرشام کے اوقات میں عدالت پیش کیا گیا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے، میڈیا سمیت کسی کو بھی کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت نہ دی گئی، دورانِ سماعت متاثرہ خاندانوں کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے کے بیانات ریکارڈ کرائے گئے، عدالتی کارروائی کے دوران مقتولہ کے ایک بھائی نے ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا، جبکہ اس کی والدہ کا بیان آن لائن ریکارڈ کیا گیا،دوسری بچی کے والد نے بھی عدالت کے روبرو اپنا بیان قلمبند کرایا، جس میں انہوں نے ملزم کو معاف کرنے کی تصدیق کی ۔