افواج کیخلاف زہر اگلنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں:گورنر

 افواج کیخلاف زہر اگلنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں:گورنر

اگر کو ئی سمجھتاہے میں بہت پاپولر لیڈر ہوں تو مذاکراتی ٹیبل پرآکر ثابت کرے فیلڈ مارشل کی بدولت پاکستان کا نام دنیا میں روشن ہوا :سردار سلیم،وفد سے گفتگو

 لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہے ، فیلڈ مارشل کی بدولت پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہوا ،اوورسیزپاکستانیوں کے ذہنوں میں اپنی افواج کے خلاف زہر اگلنے اور نفرت کے بیج بونے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں امریکا سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب اورامریکن اوورسیز پاکستانیوں کے وفدنے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ میں اور پوری پاکستانی قوم فیلڈ مارشل  عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر تعینات ہونے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ،حکومت اور فیلڈمارشل کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت آج دنیاپاکستانی پاسپورٹ اور پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر کو ئی سمجھتاہے کہ میں بہت پاپولر سیاسی لیڈر ہوں تو وہ مذاکرات کی ٹیبل پرآکریہ ثابت کرے ،کسی بھی سیاسی جماعت کا لیڈر کتنا بھی مقبول ہوجائے اگر اس ملک کی فوج مضبوط نہ ہوتو وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی محب وطن لوگ ہیں جو پاکستان کے خلاف بیرون ملک ہونے والی نفرت انگیز سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے میجر شبیر شریف کے 54ویں یوم شہادت کے موقع پر میجر شبیر شریف شہید اور پاک فوج کے تمام شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں