موٹرویزپر ذمہ داری پوری نہ کرنیوالے افسرکوہٹادیاجائے :عبدالعلیم
عوام سے ٹول ٹیکس لیکر ریسٹ ایریازمیں معیاری سہولیات نہ دیناقابل قبول نہیں
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ملک کی موٹرویز کے ریسٹ ایریاز میں مسافروں اور شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کی بہتری کے لیے مربوط اور جامع حکمت عملی کی منظوری دے دی ،جس کے تحت ایک ہی طرز کے واش رومز اور سروس ایریاز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر مواصلات نے موٹرویز کے ریسٹ ایریاز کی موجودہ صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں سے ٹول ٹیکس لے کرمعیاری سہولیات فراہم نہ کرنا قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔
عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ تمام موٹرویز پر بین الاقوامی معیار کے واش رومز، ریسٹ ایریاز اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، این ایچ اے پورے ملک میں ریسٹ ایریاز کے لیے یکساں معیار اپنائے ، انہوں نے ہدایت کی کہ جو بھی افسر یا ملازم اپنی ذمہ داری پوری نہ کرے اسے فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا جا ئے ،موٹرویز اور سروس ایریاز کے سکیورٹی سسٹم کو مکمل طور پر سیف سٹی ادارے کے ساتھ منسلک کیا جائے ، انہوں نے این ایچ اے کو اپنا مرکزی مانیٹرنگ ڈیش بورڈ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ،اجلاس میں موٹرویز پر موجود تمام غیر قانونی بل بورڈز اور اشتہارات کو فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔