تحریک انصاف کا کوئی مستقبل نہیں : بلاول بھٹو
اداروں کے خلاف بولنے والوں کو سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں
لاہور(سپیشل رپورٹر )چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں عشائیہ دیا ۔عشائیہ میں پیپلزپارٹی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز ،پارٹی عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔ پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، مرتضیٰ محمود، طاہر رشید،ثمینہ گھرکی عشائیہ میں شریک ہوئے ۔بلاول بھٹوزرداری نے عشائیہ سے خطاب میں کہا کہ ضمنی الیکشن میں ایک نشست ہم نے جیتی ایک ہم سے چھین لی گئی ۔پنجاب میں بلدیاتی الیکشن آنے والے ہیں پیپلزپارٹی کے رہنما اور کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ،آئندہ بلدیاتی الیکشن میں ہمیں فرنٹ فٹ پر آکر کھیلنا ہو گا ،باقی صوبوں میں بلدیاتی الیکشن ہو گئے پنجاب میں کیوں نہیں ہو رہے۔
بلاول بھٹو نے کہا پی ٹی آئی کا کوئی مستقبل نہیں ،بحیثیت جماعت سب کو سیاست کرنے کا حق ہے ،ملک دشمن اور اداروں کے خلاف بولنے والوں کو سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں ۔انہوں نے کہا میں اب لاہور مختصر دورے پر آیا ہوں اس کے بعد لاہور کا طویل دورہ کروں گا ،بلاول بھٹو آج ایف پی سی سی آئی کی تقریب میں شرکت کریں گے ،بلاول بھٹو آج سینئر صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے ۔ بلاول بھٹو زرداری سے این اے 185 کے جیالے امیدوار سردار دوست محمد کھوسہ نے ملاقات کی اور اپنے انتخابی حلقے میں ہونے والی دھاندلی کی صورت حال سے بلاول بھٹو کو آگاہ کیا۔