8 فٹ بلند باؤنڈری وال،خاردار تارلازمی،سکولزکیلئے ایس او پیز
لاہور(خبر نگار)پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری و نجی سکولز کیلئے سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا، نئے احکامات کے تحت سکولز میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو سکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے ، نئی پالیسی کے مطابق سکولز میں کم از کم 8 فٹ بلند باؤنڈری وال،خاردار تاروں کی تنصیب کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ سکیورٹی گارڈز کی مستقل موجودگی ، سی سی ٹی وی کیمرے اور ویب کیمز، داخلے پر میٹل ڈیٹیکٹرز،پنک بٹن کی تنصیب بھی ہر سکول کیلئے ضروری ہوگی۔ مزید برآں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو، 1122 اور سول ڈیفنس کے ساتھ ایمرجنسی موک ایکسرسائز کرانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔سکیورٹی انتظامات کی حتمی منظوری کیلئے سپیشل برانچ سے کلیئرنس بھی لازمی قرار دے دی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ سکولز میں بچوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے لہٰذا ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے ، ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔