پختونخوا میں9مئی مقدمات کی واپسی کیلئے پراسیکیوٹرز تعینات

 پختونخوا میں9مئی مقدمات کی  واپسی کیلئے پراسیکیوٹرز تعینات

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ نے 9 اور 10 مئی کے واقعات کے مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مردان کی انسداد دہشت گردی عدالت میں انعام یوسفزئی ایڈووکیٹ کو سرکار کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے۔

دیگر شہروں میں بھی مقدمات واپس لینے کے لیے خصوصی پراسیکیوٹرز تعینات کیے جائیں گے ۔یہ فیصلہ کابینہ نے گزشتہ ہفتے ایک اجلاس میں کیا تھا، جس میں کہا گیا کہ یہ مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں اور صوبائی حکومت انھیں واپس لینے کے لیے عدالتوں میں درخواستیں دے گی۔ مردان کی انسداد دہشت گردی عدالت میں اس حوالے سے درخواست جمع کرائی جا چکی ہے ۔انصاف لائرز فورم کے رہنما ندیم شاہ ایڈووکیٹ کے مطابق صوبے میں 9 اور 10 مئی کے واقعات کے بارے میں 300 سے زیادہ مقدمات درج ہوئے تھے جن میں سے بیشتر کے فیصلے ہو چکے ہیں اور زیادہ تر ملزمان بری ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اب 50 سے زائد مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جنھیں صوبائی حکومت واپس لینا چاہتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں