وزیر اعظم کے دورہ چین کا آغاز، پہلے روز 2 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

وزیر اعظم کے دورہ چین کا آغاز، پہلے روز 2 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

ہانگ ژو پہنچنے پرشانداراستقبال ،کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے رہنمامسٹر وانگ ہاؤ سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق پنجاب اور ژجیانگ سسٹر صوبہ اور مشترکہ ٹیکنالوجی سنٹر کے معاہدے ، تعاون کے نئے دور میں داخل ہو رہے :وزیر اعظم

ہانگ ژو (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف چین کے 4روزہ دورے پر ہانگ ژو پہنچ گئے اوردورے کے پہلے روز میں پاکستان اور چین میں 2اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردئیے گئے ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ہفتہ کو شیا شین ائیرپورٹ ہانگ ژو پہنچنے پر نائب گورنر ژجیانگ شو وینگوانگ ، چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ اور پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی نے وزیرِ اعظم کاشاندار استقبال کیا۔ جسکے بعد ہانگ ژو میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکرٹری مسٹر وانگ ہاؤ نے شہبازشریف سے ملاقات کی اورانہیں ژجیانگ صوبے میں خوش آمدید کہا۔

وزیراعظم نے ژجیانگ صوبے کے شاندار ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور صدر شی جن پنگ کی اُس دور اندیش قیادت کی تعریف کی جو انہوں نے سی پی سی ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکرٹری کی حیثیت سے انجام دی۔ صدر شی جن پنگ کے پیش کردہ تصور صاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثے ہیں کو بالخصوص سراہا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ژجیانگ صوبے کے ساتھ خصوصاً ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، جدید صنعت کاری اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی سطح پر تعاون پاکستان اور چین تعلقات کا ایک اہم ستون ہے اور یہ صنعتی تعاون، زرعی جدیدکاری، ٹیکنالوجی کے اشتراک اور برآمدات پر مبنی ترقی کے ذریعے سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔انہوں نے تعاون پر مبنی دو اہم دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ پہلی دستاویز ژجیانگ صوبے اور صوبہ پنجاب کے درمیان سسٹر صوبہ تعلقات کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت تھی جسکا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے ۔وزیراعظم نے ہانگ ژو یونیورسٹی اور بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے درمیان چین پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی ریسرچ سنٹر کے قیام سے متعلق دستاویز پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ یہ مرکز تعلیمی تعاون، عملی تحقیق، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور پاکستان اور چین کے اداروں میں روابط کو فروغ دے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام دوست، ترقی پر مبنی اور عملی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں