بجٹ جون کے پہلے ہفتے پیش، ٹیکس دہندگان، تنخواہ داروں پر بوجھ کم کرینگے : وزیرمملکت خزانہ
کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار ماحول دینگے ، زیادہ سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہیں ، پری بجٹ سیمینار سے خطاب بلال اظہر کیانی سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد کی ملاقات، آئندہ بجٹ میں آسان ٹیکس سکیم متعارف کرانے کا مطالبہ
راولپنڈی،اسلام آباد (دنیا نیوز، اے پی پی)وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریونیو بلا ل اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ٹیکس دہندگان اور تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ، وفاقی بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کئے جانے کا امکان ہے ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ مملکت نے کاروباری برادری کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت نے ٹیکس حکام کی جانب سے ہراسانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور کاروباری طبقے کے ساتھ ناروا رویے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے معیشت میں استحکام آیا، زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے اور عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا، علاقائی کشیدگی اور عالمی معاشی دبا کے باوجود پاکستانی روپیہ مستحکم رہا جبکہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ اور معیشت کو مضبوط بنانا ہے تاکہ پاکستان مستقل بنیادوں پر آئی ایم ایف پروگرامز سے نجات حاصل کر سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کیلئے خصوصی سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں جبکہ چھوٹے ایکسپورٹرز کیلئے درآمدی اشیا کے استعمال کی مدت 18 ماہ تک بڑھا دی گئی ہے تاکہ کاروبار میں آسانی پیدا ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت مشکل عالمی معاشی حالات کے باوجود کاروباری برادری سے مسلسل مشاورت کر رہی ہے اور آئندہ بجٹ میں زیادہ سے زیادہ سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔
صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے اپنے خطاب میں سپر ٹیکس کے خاتمے ، کارپوریٹ اور سیلز ٹیکس میں کمی، تنخواہ دار طبقے کیلئے کم از کم قابلِ ٹیکس آمدن کی حد بڑھانے اور کاروباری لاگت کم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کیلئے طویل المدتی صنعتی پالیسی ناگزیر ہے ۔ علاوہ ازیں وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد نے ملاقات کی جس میں تاجروں نے بجٹ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔ تاجروں نے آئندہ بجٹ میں آسان ٹیکس سکیم متعارف کرانے کا مطالبہ کیا، بلال اظہر کیانی نے آسان ٹیکس سکیم لانے کے حوالے سے تاجروں کے مطالبے پر غور کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس مطالبے کا جائزہ لیں گے ۔