معاشرے میں ظلم عام ہو تو ترقی کا سفر رک جاتا ہے : حافظ نعیم
مفت ، معیاری تعلیم دلانا ریاست کی ذمہ داری ،بلوچستان کے نوجوان مایوس نہ ہوں، پورا پاکستان ان کیلئے کھلا ہے حکمران ایران سے سستے پٹرول ، گیس کے معاہدے کریں:امیرجماعت اسلامی ، لورالائی بنوقابل تقریب سے خطاب
لورالائی (نمائندہ دنیا) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ معاشرے میں ظلم، ناانصافی اور حق تلفی عام ہو جائے تو ترقی کا سفر رک جاتا ہے اور عوام میں غصہ اور بے چینی جنم لیتی ہے ،مشکلات کے باوجود بلوچستان کے نوجوان پرامید رہیں اور حالات سے مایوس نہ ہوں، پورا پاکستان ان کیلئے کھلا ہے ۔ حکمران بلوچستان میں سستے پٹرول اور گیس کی فراہمی کیلئے ایران سے معاہدے کریں۔ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بنو قابل تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا پاکستان میں حکمرانوں نے تعلیم کو طبقاتی بنیادوں پر تقسیم کر دیا ہے ،ایک طرف اشرافیہ کیلئے جدید تعلیمی ادارے ،دوسری جانب غریب عوام کے بچے بنیادی تعلیم سے بھی محروم ہیں۔
آئین کے مطابق میٹرک تک مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے مگر افسوس کہ آج پاکستان میں پونے 3 کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ صرف لورالائی میں 35 ہزار سے زائد بچے تعلیم حاصل نہیں کر رہے ۔ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ۔ اگر ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ فعال ہو جائے تو صنعت، روزگار اور معیشت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے ۔ انہوں نے ورچوئل پائپ لائن کے ذریعے دور دراز علاقوں تک گیس فراہمی کی تجویز دی اور کہا ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کا فقدان ہے جبکہ منشیات کے اڈے کھلے عام چل رہے ہیں۔ حکمران عوام کو تعلیم دینے کی بجائے جہالت کی طرف دھکیل رہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ بنو قابل پروگرام کے تحت کامیاب طلبہ کو مفت آئی ٹی تعلیم دی جائیگی، موبائل ریپئرنگ، الیکٹریشن اور سولر ٹیکنالوجی سمیت مختلف ہنر سکھائے جائینگے تاکہ نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔